حکومت پنجاب نے خصوصی بچوں کی بھلائی کیلئے منظم پلیٹ فارم مہیا کر دیاہے، حکومت کی اولین کوشش ہے کہ خصوصی بچوں کی بحالی اور اُنہیں معاشرے میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے موافق ماحول مہیا کیا جائے، خصوصی بچوں کی متواتر بھلائی کو یقینی بناتے ہوئے محکمہ خصوصی تعلیم اہم کردار ادا کر رہا ہے

صوبائی وزیر اطلاعات و ایکسائز میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن کاخصوصی بچوں کی تقریب سے خطاب

ہفتہ 3 دسمبر 2016 21:29

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 03 دسمبر2016ء) صوبائی وزیر اطلاعات و ایکسائز میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ خصوصی بچوں کی دیکھ بھال ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے اس حوالے سے حکومت پنجاب نے خصوصی بچوں کی بھلائی کے لیے منظم پلیٹ فارم مہیا کر دیا ہے ہماری کوشش ہے کہ پنجاب کو چائلڈ فرینڈلی صوبہ بنایا جا ئے جہاں پر ہر بچے کی تعلیم تک یکساں رسائی ہو۔

وہ ہفتہ کوغزالی ایجوکیشن ٹرسٹ اور لاہور چیمبر آف کامرس کے اشتراک سے لبرٹی چوک میں منعقدہ خصوصی بچوں کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔تقریب میں خصوصی بچوںاور فلاحی تنظیموں کے نمائندوں کے علاوہ ممبر قومی اسمبلی پرویز ملک ، شائستہ پرویز ملک، وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور ایم پی اے محمد شہباز بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی اولین کوشش ہے کہ خصوصی بچوں کی بحالی اور اُنہیں معاشرے میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے موافق ماحول مہیا کیا جائے اُنہوں نے کہا کہ والدین اور اساتذہ خصوصی بچوں کی تربیت اس طرح کریں جس سے اُن کی شخصیت میں اعتماد اور حوصلہ پیدا ہو تا کہ وہ عام بچوں کی طرح زندگی کی دوڑ میں پورے اعتماد کے ساتھ آگے بڑھ سکیں ۔

اُنہوں نے کہا کہ خصوصی بچوں کی متواتر بھلائی کو یقینی بناتے ہوئے محکمہ خصوصی تعلیم اہم کردار ادا کر رہا ہے اس کے ساتھ ساتھ اِن بچوں کی مفت تعلیم کو بھی یقینی بنایا گیا ہے۔ اس حوالے سے حکومت کے ساتھ ساتھ پرائیوٹ سیکٹر اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بھی چاہیے کہ وہ خصوصی افراد کے حقوق کے تحفظ کی مہم میں آگے آئیں۔