الخدمت فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام مستحق معذور افراد میں وہیل چیئرز کی تقسیم کے حوالے سے تقریب کا انعقاد

معذور خواتین و حضرات میں وہیل چیئرز تقسیم کر دی گئیں

ہفتہ 3 دسمبر 2016 21:23

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 03 دسمبر2016ء) الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت مستحق معذور افراد میں وہیل چیئرز کی تقسیم کے حوالے سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔جس میں40معذور خواتین و حضرات میں وہیل چیئرز تقسیم کر دی گئیں۔ تقریب میں الخدمت فائونڈیشن صوبائی نائب صدر پروفیسر عبدالواحد ناصر،الخدمت فائونڈیشن کوئٹہ کے صدرافتخاراحمد کاکڑ،جماعت اسلامی کوئٹہ کے جنرل سیکرٹری حافظ نور علی ،الخدمت کے رضاکاروں وذمہ داران سمیت معذور خواتین و حضرات اور اُن کے عزیزو اقارب نے شرکت کی۔

اِس موقع پرخطا ب کرتے ہوئے الخدمت فائونڈیشن کے الخدمت فائونڈیشن صوبائی نائب صدر پروفیسر عبدالواحد ناصر،الخدمت فائونڈیشن کوئٹہ کے صدرافتخاراحمد کاکڑ،جماعت اسلامی کوئٹہ کے جنرل سیکرٹری حافظ نور علی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ الخدمت فائونڈیشن کے تحت ملک بھر میں وہیل چیئرز کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے اور اگلے سال بلوچستان میں ہزار سے پندرہ سو معذور خواتین و حضرات کو وہیل چیئر ز فراہم کی جائیں گی ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ الخدمت فائونڈیشن کا معذور خواتین و حضرات میں وہیل چیئرز کی تقسیم کا مقصد اُن کا احساس محرومی کم کرنا اور زندگی میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں کئی افراد وسائل نہ ہونے کی وجہ سے وہیل چیئرز خریدنے کی استطاعت نہیں رکھتے اور معذوری کے باعث معاشرے سے کٹ جاتے ہیں۔بلوچستان میں غربت وبے روزگاری زیادہ ہونے اور وسائل نہ ہونے کی وجہ سے عوام وہیل چیئرخریدنے وبہتر علاج کی استطاعت نہیں رکھتے حکومت ومخیر حضرات کو اس جانب بھی توجہ دینی چاہیے الخدمت فائونڈیشن نے زندگی کاکوئی شعبہ نہیں چھوڑاکہ وہاں ہم نے ریلیف کاکام نہ کیا ہو۔

الحمد اللہ مخیرحضرات وبرادرسماجی تنظیموں کے تعاون سے ہم بے بلوچستان بھر میں صحت ،تعلیم ،روزگارسمیت معزوروں ،یتیموں ،بیوائوں ،غریب اقلیتوں میں کروڑوں روپوں کے کام کیے اور لاکھوں مستحق پریشان حال لوگ اس سے مستفیدہوئے ہیں ۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال الخدمت فائونڈیشن نے بلوچستان بھر میں پانچ سومعذور خواتین و حضرات کو وہیل چیئرز فراہم کی تھیں۔