بلاول اورخورشید شاہ کس منہ سے کرپشن کے خاتمے کی بات کرتے ہیں،مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر

ہفتہ 3 دسمبر 2016 21:17

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 03 دسمبر2016ء) مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور پیپلزپارٹی کے ہی رہنما اور قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کی جانب سے ملک کو کرپشن سے پاک کرنے کے دعوؤں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کو تباہی سے دوچار کرنے میں پیپلزپارٹی نے اہم کردار ادا کیا ہے۔

پیپلزپارٹی نے ہمیشہ سب سے زیادہ استحصال مہاجروں کا کیا۔ ذوالفقار علی بھٹو سے لے کر بلاول بھٹو تک جس طرح مہاجروں کے ساتھ پیپلزپارٹی کے ہر دور میں ناانصافی ، ظلم اور زیادتی ہوئی ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہاکہ ذوالفقار علی بھٹو نے اقتدار میں آتے ہی سندھ میں مہاجروں کی صنعتیں ، فیکٹریاں، اسکول ، قومی تحویل میں لے کر انہیں معاشی بدحالی کا شکار کیا اسی دور میں شہری و دیہی تفریق پیدا کرکے کوٹہ سسٹم جیسا کالا قانون سندھ پر مسلط کیا گیا جو آج تک جاری ہے۔

(جاری ہے)

جس سے مہاجروں کی چار نسلیں تباہ وبرباد ہوچکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی جب بھی برسراقتدار آتی ہے مہاجروں کو اختیار اور اقتدار سے محروم کرکے لوٹ مار کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع کردیتی ہے۔ اس وقت بھی سندھ کے سرکاری اداروں میں مہاجروں پر ملازمت کے دروازے بند کردیئے گئے ہیں ۔ ہزاروں کی تعداد میں نوکریاں غیر مہاجروں کو دی جارہی ہیں۔

دادو، میہڑ، نواب شاہ ، قمبرشہدادکوٹ، شکارپور کے کم تعلیم یافتہ افراد کو سیاسی بنیادوں پر اقرباپروری کرکے ملازمتیں دی جارہی ہیں جبکہ اعلیٰ تعلیم یافتہ مہاجر نوجوان ہاتھوں میں ڈگریاں لئے دردر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہاکہ خورشید شاہ میٹر ریڈر سے ارب پتی بنے وہ کس منہ سے کرپشن کے خاتمے کی بات کررہے ہیں۔ اگر انہیں کرپشن ختم کرنی ہے تو سب سے پہلے سندھ میں ہونے والی لوٹ مار کو ختم کریں کیونکہ سندھ میں پیپلزپارٹی 9سال سے برسراقتدار ہے اس کے وزراء اور اراکین اسمبلی دونوں ہاتھوں سے سندھ کے وسائل کو لوٹ رہے ہیں۔

عدالت نے خود اپنی رولنگ تک میں یہ کہا ہے کہ لاڑکانہ کی ترقی کیلئے اربوں روپے جاری کئے گئے لیکن وہ پیسہ حکمرانوں کی عیاشیوں کی نذر ہے۔ انہوں نے کہاکہ لاہور کے جس بلاول ہاؤس میں بلاول بھٹو کھڑے ہوکر کرپشن کے خاتمے کی بات کررہے ہیں وہ بلاول ہاؤس کرپشن کی سب سے بڑی مثال ہے جو ایک بدنام بلڈر نے ان کے والد کو تحفے میں دیا تھا۔

متعلقہ عنوان :