صوبائی وزیر بلدیات و کمیونٹی ڈویلپمنٹ پنجاب محمد منشا ء اللہ بٹ وزیر بننے کے بعد پہلی دفعہ بغیر کسی پروٹوکول آبائی شہر پہنچ گئے

مسلم لیگی کارکن اور قریبی ساتھی بھی محمدمنشاء اللہ بٹ کی آمد سے بے خبر رہے، آمد کی خبر ملتے ہی ان کے گھر اراضی یعقوب میں مبارک باد دینے والے شہریوں کا تانتا بندھ گیا

ہفتہ 3 دسمبر 2016 21:12

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 دسمبر2016ء) صوبائی وزیر بلدیات و کمیونٹی ڈویلپمنٹ پنجاب محمد منشا ء اللہ بٹ وزیر بننے کے بعد پہلی دفعہ بغیر کسی پروٹوکول اور جلوس کے اپنے شہر سیالکوٹ پہنچ گئے۔ مسلم لیگی کارکن اور قریبی ساتھی بھی محمدمنشاء اللہ بٹ کی آمد سے بے خبر رہے۔ محمد منشا ء اللہ بٹ کی آمد کی خبر ملتے ہی ان کے گھر اراضی یعقوب میں مبارک باد دینے والے شہریوں کا تانتا بندھ گیا۔

مسلم لیگ ن کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی ، یوسی چیئرمینوں، پارٹی عہدیداران اور مختلف سرکاری محکموں کے مقامی حکام نے محمدمنشاء اللہ بٹ کو پھولوں کے گلدستے پیش کئے اور ان کو بلدیات کی اہم وزات سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔ اور امید کا اظہار کی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں کما حقہُ ادا کریں گے ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر محمد منشاء اللہ بٹ نے شہریوں کی بے پناہ محبت اور چاہت کے اظہار کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ میں ناچیز اس قابل نہیں مگر اللہ کی فضل سے اور شہر اقبالؒ کے باسیوں کی محبت نے مجھے یہ مرتبہ عطا کیا ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنے فرائض منصبی پوری دیانتداری اور جانفشانی سے انجام دیں گے اور اس سلسلہ میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہاکہ میونسپل سہولیات کی معیار کو بہتر بنانا ان کی ترجیحات میں شامل ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کو میونسپل سہولیات کی فراہم میں عدم دلچسپی اورغفلت کا مظاہرہ کرنے والے افسران اور ملازمین کا سختی سے محاسبہ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ عوام کی خدمت ہی میرا نصب العین ہے اور اللہ کی فضل سے خدمت کا یہ سفر جاری رہے گا انشا ء اللہ۔ صوبائی وزیر محمد منشاء اللہ بٹ نے وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کی رہائش گاہ پر جاکر ان کے مرحوم بھانجے کیلئے دعائے مغفرت کی ۔ قبل ازیں محمد منشاء اللہ بٹ نے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سابقہ رہنما خواجہ محمد صفدر مرحوم اور اپنے والدین کی قبروں پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی

متعلقہ عنوان :