حج آرگنائزرایسوسی ایشن آف پاکستان کا بزنس مین پینل اور پاکستان بزنس گروپ کی حمایت کا اعلان

انشا اللہ 2017کاسورج بزنس مین پینل ا ورپاکستان بزنس گروپ الائنس کی کامیابی کی نوید لے کرطلوع ہوگا ،حاجی ثناء اللہ خان بزنس کمیونٹی جلد شعبدہ بازوں سے نجات حاصل کرکے ایف پی سی سی آئی میں حقیقی لیڈر شپ عبدالرحیم جانو کی قیادت میں سامنے لائے گی،میاں زاہد حسین ،عبدالرحیم جانو،حاجی یوسف،ثاقب فیاض مگوں،محسن عباس دھرسی

ہفتہ 3 دسمبر 2016 21:09

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 دسمبر2016ء) حج آرگنائزرایسوسی ایشن آف پاکستان نے وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت (ایف پی سی سی آئی)کے انتخابات برائے 2017کے لیے بزنس مین پینل اورپاکستان بزنس گروپ کے امیدواروں کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ2016بزنس کمیونٹی کے لیے مشکل ترین سال رہا ہے ۔انشا اللہ 2017کاسورج بزنس مین پینل کی کامیابی کی نوید لے کرطلوع ہوگا اور بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کا سال ثابت ہوگا۔

ایف پی سی سی آئی کو سیاسی اکھاڑہ بنانے والوں کا یوم احتساب قریب آگیا ہے ۔بزنس کمیونٹی ایف پی سی سی آئی کے انتخابات میں بزنس مین پینل اور پاکستان بزنس گروپ پر اعتماد کا اظہار کرکے سرکاری کرسی پر بیٹھ کر بزنس کمیونٹی کی پیٹھ میں چھرا گھونپنے والوں کو مسترد کردے گی ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہارسربراہ حج آرگنائزرایسوسی ایشن آف پاکستان حاجی یوسف نے بزنس مین پینل اورپاکستان بزنس گروپ الائنس کے اعزاز میں دیئے گئے عشایئے کے موقع پر کیا۔

اس موقع پروائس چیئرمین یاورعباس ایگزیکٹیو کمیٹی کے ممبران ندیم شریف ،محمد سعید ،محمد سلیم احمد ،زعیم احمد صدیقی ،بلال فصیح،منوراحمد،ایف پی سی سی آئی کے ای سی ممبر محمدخالد،جی بی ممبرمنوراحمداور ایسوسی ایشن کلاس سے نائب صدارت کے امید وار محسن عباس دھرسی نے شرکت کی۔ حج آرگنائزرایسوسی ایشن آف پاکستان کے سربراہ حاجی یوسف نے اپنی ایسوسی ایشن کے مسائل بیان کیئے اور بزنس مین پینل اورپاکستان بزنس گروپ کے صدارتی امیدوار عبدالرحیم جانو اور میاں انجم نثارکو بزنس کمیونٹی کا نمائندہ رہنما قرار دیتے ہوئے کہا کہ منتخب ہوکر عبدالرحیم جانو حج آرگنائزرایسوسی ایشن آف پاکستان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے انہوں نے ہمیشہ ایف پی سی سی آئی میں بغیر کسی عہدے کے بھی کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کیا ہے ۔

ملک کے تاجر و صنعتکار ان کی قیادت پر اعتماد کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سال 2016تاجروں و صنعتکاروں کے لیے ایک وبال سے کم نہیں رہا۔انہوں نے کہا کہ ایس ایم منیر نے بزنس کمیونٹی کو اپنی جیب کی گھڑی سمجھ کر ان کے مفادات پر سودے بازی کی اور اپنا حکومتی عہدہ بچانے کے لیے حکومت کو بلیک میل کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پورے سال میں بزنس کمیونٹی کیلئے کچھ نہ کرنے والے گرگٹ کی طرح رنگ بدل کر مسائل کے حل کی نوید سنانے والے سن لیں کہ اب یو بی جی کو بزنس کمیونٹی کے ہاتھوں شکست سے کوئی نہیں بچا سکتا۔

انہوں نے کہاکہ یو بی جی کی لیڈر شپ سمیت ایف پی سی سی آئی کی ناکامی میں صدر عبدالرئوف عالم کا کردارکم جبکہ ایس ایم منیر کا کردار زیادہ ہے ۔ کیونکہ ایف پی سی سی آئی کے موجودہ صدر کو ایس ایم منیرنے کٹھ پتلی بنا رکھا ہے اور یہی وجہ ہے کہ ایف پی سی سی آئی نہ صرف بزنس کمیونٹی کے مسائل میں ناکامی کا سامنا کرناپڑا بلکہ اداروں کی طرف سے زیادتیوں پر بھی خاموش تماشائی بنی رہی ۔

بزنس مین پینل اور پاکستان بزنس گروپ جوائنٹ کونسل کے چیئر مین میاں زاہد حسین ،صدارتی امیدوار عبدالرحیم جانو،سندھ ریجن کے چیئرمین ذکریا عثمان اور ثاقب فیاض مگوں نے بزنس مین پینل کی حمایت پرحج آرگنائزرایسوسی ایشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ تبدیلی کا عمل شروع ہوگیا ہے ۔بزنس کمیونٹی جلد شعبدہ بازوں سے نجات حاصل کرکے ایف پی سی سی آئی میں حقیقی لیڈر شپ عبدالرحیم جانو کی قیادت میں سامنے لائے گی جو نہ صرف مسائل کا ادارک رکھتے ہیں بلکہ مرد میدان کی طرح لڑنا اور مسائل کا حل بھی جانتے ہیں ۔