کامیاب سندھ ورکرز کنونشن نے کراچی ،اندرونِ سندھ سمیت ملک بھر میں عوام کو حوصلہ اور ولولہ دیا ہے،سنیٹرسراج الحق

آج کا اجتماع دراصل شکرانے کا اجتماع ہے ،تاریخی اجتماع کو منعقد کر کے کارکنان نے ایک تاریخ رقم کی ہے ،یہ ایک نقطہٴ آغاز ہے تحریک کے کام کو آگے بڑھانا ہے ،استقبالیہ سے ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی ،حافظ نعیم الرحمن ، انجینئر صابر احمد اور دیگر کا خطاب

ہفتہ 3 دسمبر 2016 21:09

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 دسمبر2016ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے کامیاب سندھ ورکرز کنونشن نے کراچی اور اندرونِ سندھ سمیت ملک بھر میں عوام کو حوصلہ اور ولولہ دیا ہے اور کارکنوں کو نئے عزم اورجوش و جذبہ کے ساتھ اسلامی اور خوشحالی پاکستان کی جدوجہد جاری رکھنے اور تیز کرنے کا پیٖغام دیا ہے۔

2018ء کے الیکشن کے لیے ابھی سے بھرپور منصوبہ بندی کے ساتھ کام کرنے اور عوام سے رابطوں کو مستحکم بنانے کی ضرورت ہے ۔ کامیاب اور بھرپور ورکرز کنونشن کا انعقاد انتخابات کی تیاریوں کے لیے ممدو معاون ثابت ہوگا ، ورکرز کنونشن ہزاروں مردو خواتین کے لیے بڑے پیمانے پر ،بہترین اور مثالی انتظامات کرنے پر جماعت اسلامی کراچی کے کارکنان اور منتظمین کی پوری ٹیم قابل مبارکباد ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کراچی کے تحت ادارہ نور حق میں ورکرز کنونشن کے منتظمین ، مختلف کمیٹیوں کے افراداور انتظامات میں شریک کارکنوں کے اعزاز میں دیے گئے استقبالیہ سے اپنے آبائی علاقے دیر سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ استقبالیے سے جما عت اسلامی سند ھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی ، کراچی کے امیر و ناظم اجتماع حافظ نعیم الرحمن اور نائب ناظم اجتماع انجینئر صابر احمد نے بھی خطاب کیا ۔

جبکہ نظامت کے فرائض سکریٹری کراچی عبد الوہاب نے ادا کیے ۔ اس موقع پرنائب امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی ،عبد الغفار عمر، نائب امراء برجیس احمد ، مظفر احمد ہاشمی ، ڈاکٹر اسامہ رضی ، مسلم پرویز ، ڈاکٹر واسع شاکر ، ڈپٹی سکریٹریز سیف الدین ایڈوکیٹ ، راشد قریشی ،انجینئر عبد العزیز، سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ،قاضی صدر الدین ، عنایت اللہ اسماعیل،اور دیگر بھی موجود تھے ۔

سراج الحق نے مزید کہا کہ سندھ وکرزکنونشن میں شریک ہونے کے بعد میں جہاں جہاں بھی گیا کنونشن کے انعقاد پر سب نے مبارکباد دی اور نئے عزم اور حوصلہ کا اظہار کیا ۔انہوںنے کہا کہ جماعت اسلامی کراچی میں حقیقی طورپر گلی کوچوں کے اندر موجود ہے۔ انتہا ئی حوصلہ افزا بات ہے کہ پہلی بار اندرونِ سندھ سے ہزاروں مردوخواتین نے شرکت کی اور اپنے جوش و جذبے کا اظہار کیا ۔

تاریخی اجتماع منعقد کرنے کے بعد کارکنان و ذمہ داران کو اپنی جدوجہد جاری رکھنا ہوگی اور اپنے اپنے حلقہ جات میں کام کرنا ہوگا اور تحریک کو آگے بڑھاناہوگا ۔ انہوںنے کہا کہ روٹی کپڑا مکان ہی اگر عوام کامسئلہ ہے تو اسلام ہی اس کا حل ہے ، عوام کے بنیادی مسائل اسلام ہی ہے ، عوام کی خدمت کرنا اور عوام کی ترجمانی کرنا جماعت اسلامی اپنا فرض سمجھتی ہے ۔

ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا کہ آج کا اجتماع دراصل شکرانے کا اجتماع ہے ،تاریخی اجتماع کو منعقد کر کے کارکنان نے ایک تاریخ رقم کی ہے ، جماعت اسلامی کراچی کا اور پوری ٹیم کا مشکور وممنون ہوں جنہوں نے ایک خواب کو حقیقت میں بدل دیا ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں پہلی مرتبہ اس طرح کا عظیم الشان ورکرز کنونشن منعقد ہوا جس میں کراچی سمیت اندرونِ سندھ سے ہزاروں مرد و خواتین شریک ہوئے انہوں نے کہا کہ انتظامات کے حوالے سے یہ اجتماع ماضی کے تمام اجتماعات پر بازی لے گیا درحقیقت اس اجتماع کو کامیاب بنانے میں تمام کارکنان و ذمہ داران کی انتھک محنت اور اللہ رب العالمین کی غیبی نصرت شامل حال تھی ۔

دراصل صحیح کوششیں ناممکن کو ممکن بنادیتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اجتماع نے ایک منزل دی ہے ،سندھ ورکرز کنونشن سے سندھ کے اندر ایک تحریک پید ہوئی ہے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ تاریخی ورکرز کنونشن کے انعقاد پر تمام کارکنان ، تمام انتظامی کمیٹیوں اور منتظمین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے دن رات ایک کر کے اس اجتماع کے انعقاد پر محنت کی ۔

انہوں نے کہا کہ اتنا بڑا اجتماع کرنا انسان کے ہاتھ میں نہیں ہوتا انسان صرف کوشش ہی کرسکتا ہے ۔ قرآن و حدیث سے جو ہمیں درس ملتا ہے وہ یہی ہے کہ انسان نیک نیتی اور خالص اللہ کے لیے کام کرے تو ایسے کاموں میں اللہ کی غیبی نصرت ہوتی ہے اور اللہ مدد بھی کرتا ہے اور مشکل سے مشکل چیز بھی آسان ہوجاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے حوالے سے ہدف اور ٹارگٹ موجود ہے ہمیں اس شہر کو پھر سے اس کا کھویا ہوا مقام دلانا ہوگا ، جماعت اسلامی ہی صلاحیت رکھتی ہے جو اس خلا کو پر کرے۔انہوں نے کہا کہ اجتماع کرنے کے بعد اب ہمیں آرام سے نہیں بیٹھنا ،یہ ایک نقطہٴ آغاز ہے ۔تحریک کے کام کو آگے بڑھانا ہے مقامی سطح پر بھی اور اپنے اپنے حلقہ جات میں بھی تیزی سے کام کرنا ہے ۔

متعلقہ عنوان :