سندھ حکومت صوبے میں سرمایہ کاری اور کاروباری ماحول کو بہتر بنانے کے لئے کوشاں ہے، وزیراعلیٰ سندھ

شہر میں انفراسٹرکچر ، امن و امان بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کی ہوئی ہے، سید مرادعلی شاہ کا انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن کے کانووکیشن سے خطاب

ہفتہ 3 دسمبر 2016 21:09

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 دسمبر2016ء) سندھ حکومت صوبے میں سرمایہ کاری اور کاروباری ماحول کو بہتر بنانے کے لئے کوشاں ہے اور انہوں نے شہر میں انفراسٹرکچر ، امن و امان بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کی ہوئی ہے۔انہوں نے یہ بات ہفتہ انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن IBA کے کانووکیشن 2016سے بطو ر مہمان خصوصی کہی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت بزنس کے شعبے میں IBAکی جانب سے نمایاں خدمات کو سراہاتی ہے اور ہم اس اچھی ساکھ کے حامل ادارے کو وسائل کی فراہمی میں انکے ساتھ مکمل تعاون کر رہے ہیں تاکہ یہ ادارہ مستقبل میں ترقی کی مزید منزلیں طے کرے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے 100ملین روپے کی گرانٹ کی فراہمی کا مقصد یہ ہے کہ IBA پاکستان باالخصوص صوبہ سندھ کی معاشی ترقی میں اپنا فعال کردار بہتر طریقے سے ادا کرے۔

(جاری ہے)

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ حال ہی میں انہوں نے بطور وزیر خزانہ سینٹر آف بزنس اینڈ اکنامک ریسرچ (CBER)کا افتتاح کیا تھا اس وقت سندھ حکومت نے IBA کراچی کے ساتھ ایک سروسز ایگریمینٹ پر دستخط کئے تھے جسکا مقصد باہمی تعاون کو مزید فروغ دینا تھا۔

انہوں نے کہا کہ انہیں یہ جان کر خوشی ہوئی ہے کہ CBERنے اپنے آغاز بشمول ریسرچ گرانٹ کے قیام سے انہوں نے آئی بی اے ورکنگ پیپرز کی سیریز شروع کی ہے ۔ سیمینارز اور کانفرنسوں کا اہتمام کیا ہے اور محکمہ تعلیم اور سرکاری اداروں کے ساتھ تعاون کو فروغ دیا ہے انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اور آئی بی اے کے درمیان سروسز معاہدوں کے ذریعے ہم نے پرووینشل ٹیکس ایڈمنسٹریشن میں کارکردگی میں اضافے کے لئے کام کیا ہے اور متعلقہ افسران کے تربیتی پروگرام کے لئے جسکی لاگت 50ملین ڈالر ہے جو کہ ورلڈ بینک کے ترقیاتی جائزہ پروجیکٹ کا حصہ ہے ۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ وہ یہ بات بخوبی جانتے ہیں کہ IBAنے ان طلباء کے لئے اپنے پروگراموں کے ذریعے موقعہ فراہم کیا ہے جو کہ پسماندہ علاقوں سے تعلیم کے لئے اس اعلیٰ ادارے میں آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعی شاندار انتظامات ہیں جس سے نہ صرف یہ کہ تعلیم کو فروغ حاصل ہوگا بلکہ اسے آئندہ سالوں میں سماجی اور معاشی بہتری بھی آئیگی۔

طلباء سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ آج کا دن آپکا ہے آج آپ نے اپنی زندگی کا ایک مرحلہ مکمل کیا ہے جہاں پر آپ نے قابل اساتذہ سے تعلیم حاصل کی ہے اور آپ اپنی زندگی کے نئے مرحلے میں داخل ہو رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے طلباء پر زور دیا کہ وہ اپنے خوابوں کی تکمیل کے لئے سر دھڑ کی بازی لگا دیں ۔ انہوں نے پاسنگ آئوٹ طلباء، انکے والدین اور اساتذہ کو ایک ایسا پروفیشنل بیچ تشکیل دینے پر مبارکباد دی ۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ سندھ نے پوزیشن ہولڈرز کو ڈگریاں دیں۔

متعلقہ عنوان :