وزیراعلیٰ شہبازشریف کے خصوصی افراد کے عالمی دن کے موقع پر منعقد ہ تقریب سے خطاب کی جھلکیاں

ہفتہ 3 دسمبر 2016 21:09

وزیراعلیٰ شہبازشریف کے خصوصی افراد کے عالمی دن کے موقع پر منعقد ہ تقریب ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 دسمبر2016ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے الحمراء ہال میں خصوصی افراد کے عالمی دن کے موقع پر منعقد ہ تقریب میں خصوصی بچوں کی جانب سے پیش کیے گئے تمام پروگراموں کو انہماک سے دیکھا اوربہترین پرفارمنس پر خصوصی بچوں کو دل کھول کر داد دی۔*پنجاب ویلفیئر ٹرسٹ فار خصوصی افراد،محکمہ سوشل ویلفیئر اورمحکمہ خصوصی تعلیم کے اشتراک سے منعقد کیے گئے پروگرام میں خصوصی بچوں نے خوبصورت انداز سے قومی ترانہ پیش کیا اورہال میں موجود تمام شرکاء نے ان کا ساتھ دیا۔

*کمیونٹی بیسڈ پروگرام کے تحت تعلیم و تربیت پانے والے خصوصی بچوں نے ملکریہ نغمہ پیش کیا،جس پر ہال میں موجود تمام شرکاء نے خصوصی بچوں کو بھر پور انداز سے داد دی اوران کا حوصلہ بڑھایا۔

(جاری ہے)

وطن ہم ہیں ،وطن ہے ہم سے…خیال رکھنا ،خیال رکھنا*کمیونٹی بیسڈ پروگرام کے تحت تربیت پانے والے خصوصی بچے ہارون کی والدہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ میرا بیٹا نہ چل سکتا تھا اورنہ ہی بول سکتا تھا،ہر وقت چارپائی پر لیٹا رہتا تھا،جس پر میں بہت غمزدہ اوردکھی تھی۔

ادارے کی تربیت سے میرا بچہ چلنے کے قابل ہوا ہے ،جس پر میں بے حد خوش ہوں ۔میری ایسی تمام ماؤں سے التجا ہے کہ وہ اپنے خصوصی بچوں پر بھرپور توجہ دیں ۔*کمیونٹی ریسورس پرسن روبینہ حفیظ نے ادارے کی تعلیم و تربیت کے پروگراموں کے بارے میں بتایا۔انہوںنے کہا کہ خصوصی بچوں کے تعلیم و تربیت کے پروگراموں میں شرکت کرکے میرے اندران بچوں کے ساتھ کام کرنے کا نیا جذبہ پیدا ہوا ہے ۔

*رائزنگ سن کے خصوصی بچوں نے شاندار انداز میں نغمہ پیش کر کے امید کا پیغام دیا اورا ن کے نغمے اورخاکے کو ہال میں موجود حاضرین نے بے حد پسند کیا۔*عنایت فاؤنڈیشن کے قوت سماعت سے محروم بچوں نے ’’میری آواز سنو…مجھے آزاد کرو‘‘،نغمہ انتہائی خوبصورت انداز میں پیش کیا ۔*عزیز جہاں ٹرسٹ کے قوت بصارت سے محروم خصوصی بچوں نے انتہائی دلکش انداز سے خاکہ پیش کیا۔

وزیراعلیٰ شہبازشریف نے سٹیج پر جاکران بچوں کو شاباش دی اوران کا حوصلہ بڑھایا۔*امین مکتب کی خصوصی بچی صدف اشرف نے اپنی کامیابی کی داستان سناتے ہوئے بتایا کہ میں 1998ء میں اس منصوبے میں شامل ہوئی میں نہ تو بول سکتی تھی اورنہ ہی چل سکتی تھی،لیکن اب میں ادارے کی تعلیم و تربیت کے باعث بول بھی سکتی ہوں اورچل بھی سکتی ہوں ۔میں ادارے میں اکاؤنٹنٹ کے فرائض سرانجام دے کر اپنے خاندان کا سہارابنی ہوں جس پر مجھے بے حد خوشی ہے ۔

انہوںنے کہا کہ میں نے میٹرک اورآئی سی ایس کا امتحان پاس کیا اور اکاؤنٹس میں ڈپلومہ حاصل کیا ۔صدف اشرف نے اپنی نظم بھی سنائی جسے حاضرین نے بے حد پسند کیا ۔*وزیراعلیٰ شہبازشریف صدف اشرف کے پاس گئے اسے شاباش دی اور اس کا حوصلہ بڑھایا ۔*وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اپنے خطاب میں خصوصی افراد کی تعلیم و تربیت اوران کی بحالی میں مصروف اداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ ادارے کارخیر میں مصروف ہیں اوردین اوردنیا کمارہے ہیں ۔وزیراعلیٰ نے مخیر حضرات پر زوردیا کہ وہ خصوصی افراد کی تعلیم و تربیت میں مصروف اداروں کی بھر پور معاونت کر کے اللہ تعالیٰ کی خوشنودی حاصل کریںاوردکھی انسانیت کی دعائیں سمیٹیں۔