سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام سیمینار کا انعقاد

ہفتہ 3 دسمبر 2016 20:56

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 دسمبر2016ء)سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ راولپنڈی کے زیر اہتمام معذوروں کے عالمی دن کے حوالے سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا ۔ اس موقع پر معذور افراد کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے خصوصی واک بھی کی گئی۔اس واک میںڈسٹرکٹ آفیسر سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ محمد اسلم میتلا، صدر سٹار ویلفیئر آرگنائزیشن شفیق ڈوگر، سرکاری و نجی اداروں کے سربراہاں و نمائندگان ، این جی اوزاور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات اور نابینا و معذور افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

سیمینار سے خطاب کر تے ہوئے ڈسٹرکٹ آفیسر سوشل ویلفیئر محمد اسلم میتلا نے کہا کہ معذوروں کا عالمی دن علامتی طور پر منانے کی بجائے حقیقی معنوں میں ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا جائے اور ایسے اقدامات کئے جائیں جس سے ان کی فلاح بہبود اورداد رسی ممکن ہو سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم اپنے مثبت کردار سے معذوروں کی زندگیوں میں بہتری لا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ معذور افراد میں اگر ظاہری طور پر کوئی کمی بھی ہو لیکن انہیں میں کئی خداداد صلاحیتیں پوشیدہ ہوتی ہیں ۔اسلم میتلا نے کہا کہ حکومت پنجاب معذور افراد کی فلاح وبہبود اور ترقی کے لئے کوشاں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ سوشل ویلفیئر کے زیر اہتمام راولپنڈی میں 146معذور افراد کو مختلف محکموں میں نوکریاں دلوائی جا چکی ہیںاور مزید 76ڈس ایبل افراد کو نوکریاں دلوانے کے لئے کوشاں ہے۔سٹار ویلفیئر آرگنائزیشن کے صدر شفیق ڈوگر نے سمینار سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ ان کا ادارہ بے سہارا اور معذور افرادکی خدمت اور مد د کے لئے ہمیشہ پیش پیش ہے۔