خصوصی بچے معاشرے کا اہم حصہ ہیں، صدیق الفاروق

ہفتہ 3 دسمبر 2016 20:52

راولپنڈی۔03 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 دسمبر2016ء)متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین صدیق الفاروق نے کہا ہے کہ سپیشل بچے ہمارے معاشرے کا ایک اہم حصہ ہیں اور یہ ہم سب کی معاشرتی ذمہ داری ہے کہ انہیں ان کی معذوری کا احساس نہ ہونے دیں اور ان کے ساتھ اچھا برتائو اور رویہ اپنائیں۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے راولپنڈی آرٹس کونسل میں منعقدہ معذوروں کے عالمی دن کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب میں کیا -اس تقریب کا انعقاد سپیشل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ راولپنڈی نے کیا-تقریب میں ای ڈی او کمیونٹی ڈویلپمنٹ منور نجم , ڈی اوسپیشل ایجوکیشن ڈاکٹر فوزیہ خورشید بٹ, سپیشل سکولوں کے پرنسپلز , اساتذہ اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی -مہمان خصوصی صدیق الفاروق نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمیں معذوروں کے لئے ہر وقت کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ان کے مسائل میں کمی لائی جاسکے۔

(جاری ہے)

انہو ںنے کہا کہ راولپنڈی میں سپیشل بچوں کے لئے کالج کے قیام اور ان کی سفری مشکلات کو حل کرنے کے لئے حکومت پنجاب سے بسوں کی فراہمی کے لئے پوری کوشش کی جائے گی -صدیق الفاروق نے اس موقع پر پروگرام میں حصہ لینے والے سپیشل بچوں کے لئے 70,000- روپے اپنی جیب سے نقد انعام دیا ۔قبل ازیں تقریب سے ای ڈی او کمیونٹی ڈویلپمنٹ منور نجم , ڈی او سپیشل ایجوکیشن راولپنڈی ڈاکٹر فوزیہ خورشید بٹ اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔مقررین نے کہا کہ راولپنڈی ضلع میں خصوصی سکولوں کی 80-فیصد عمارتیں کرائے کی ہیں اور انہیں بار بار تبدیل کرنے سے بچوں کو ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جانے کے لئے بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اس وجہ سے ان سکولوں کی سرکاری عمارات کا ہونا بہت ضروری ہے۔