تاجر معاشرتی اقدار کی بحالی، سماجی انصاف کی فراہمی میں بھی اپنا کردار ادا کریں ،کنور قطب الدین خان

ہفتہ 3 دسمبر 2016 20:52

راولپنڈی۔03 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 دسمبر2016ء)آل راجپوت انٹرنیشنل ایسوسی ایشن نیٹ ورک کے صدر ، سابق رکن قومی اسمبلی اور پاکستان مسلم لیگ کے چیف آرگنائزر کنور قطب الدین خان نے کہاہے کہ تاجر برادری کا ملکی ترقی میں ہمیشہ اہم کردار رہا ہے ، تاجر برادری پر یہ ذمہ داری بھی عائد ہوتی ہے کہ وہ معاشرتی اقدار کی بحالی و ترقی، سماجی انصاف کی فراہمی اور معاشرتی رویوں کی بہتری کے لیے اپنا اثرورسوخ استعمال کرے۔

ان خیالات کا اظہارا نہوں نے گذشتہ روز پندرہ رکنی وفدکے ہمراہ راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے دورے کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر سینئر نائب صدر راشد وائیں، نائب صدر عاصم ملک اور چیمبر ممبران کے علاوہ آل پاکستان تنظیم الاعوان کے صدر امجد علوی، نادر خان، تنویر ملک، راجہ مشرف جنجوعہ اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں ۔

(جاری ہے)

کنور قطب الدین نے کہا کہ رفاہ عامہ اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے راولپنڈی چیمبر کی کوششیں قابل تقلید ہیں۔

انہوں انہوں نے تجویز دی کہ تعلیمی نصاب میں عربی زبان بطور اختیاری مضمون شامل کی جائے تاکہ ایک مسلم معاشرے کی بنیاد مضبوط ہو اور ہر کوئی آسانی اور فہم کے ساتھ قرآنی تعلیمات سے استفادہ کر سکے انہوں نے کہا کہ عدل کے بغیر معاشرہ زیادہ دیر قائم نہیں رہ سکتا پاکستان میں انصاف کی فوری فراہمی کے لیے عدالتوں میںشفٹوں کا نظام رائج کیا جائے۔

قبل ازیں صدر راولپنڈی چیمبر راجہ عامر اقبال نے وفدکو راولپنڈی چیمبر کی جاری اور آئندہ سرگرمیوں کے بارے میں مختصر بریفنگ دی ۔انہوں نے وفد کو بتایا کہ خطہ پوٹھوہار میں تجارتی ، صنعتی اور فلاحی سرگرمیوں کا فروغ چیمبر کی اولین ترجیح ہے راولپنڈی چیمبر کی کوشش ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے چوتھے مرحلے کے تحت صنعتی زون کی ترقی میں اس خطے کے لیے بھی صنعتی زون کی منظوری کرائی جائے اس سلسلے میں چیمبر حکومتی اداروں کے ساتھ فعال رابطہ قائم رکھے ہوئے ہے انہوں نے وفد کو بتایا کہ راولپنڈی چیمبر تجارتی اورصنعتی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ فلاحی منصوبے بھی چلا رہا ہے چیمبر میں قائم فلاحی ڈسپنسری میں روزانہ ساٹھ سے اسی مریضوں کا مفت معائنہ ، ٹیسٹ اور ادویات فراہم کی جا رہی ہیں بارہ مختلف ہسپتالوں کے ساتھ ایم او یوز بھی کر رکھے ہیں۔