دولت مشترکہ کیلئے برطانوی سفیر ٹم کول کی پاکستانی ہائی کمشنر سید ابن عباس سے ملاقات

پاکستان دولت مشترکہ کیساتھ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے، سید ابن عباس

ہفتہ 3 دسمبر 2016 20:52

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 دسمبر2016ء) برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر سید ابن عباس نے کہا ہے کہ پاکستان دولت مشترکہ کیساتھ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔یہ بات انہوں نے دولت مشترکہ کیلئے برطانوی سفیر ٹم کول سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے ہفتہ کو پاکستانی ہائی کمیشن لندن میں ان سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران پاک۔

برطانیہ تعلقات،دونوں ملکوں کے مابین دولت مشترکہ اور دیگر بین الاقوامی فورمز پر تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ دولت مشترکہ نے رکن ملکوں کو سماجی،اقتصادی،تجارتی اور ترقیاتی تعاون کیلئے ایک قیمتی فورم فراہم کیا ہے۔پاکستان کے ہائی کمشنر نے نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر ٹم کول کو مبارکباد دی اور انہیں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

دونوں فریقوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ضروری اصلاحات کے ذریعے دولت مشترکہ کو مزید موثر بنانے کی ضرورت ہے۔ٹم کول نے کہا کہ برطانوی حکومت دولت مشترکہ کے حکومتی سربراہان کا اجلاس 2018میں برطانیہ میں منعقد کرنے کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔سید ابن عباس نے کہا کہ پاکستان سربراہ اجلاس میں شرکت کیلئے پر امید ہے۔ٹم کول نے تنظیم میں پاکستان کے تعمیری کرادار کو سراہا۔