شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کی خاطر جانوں کا نذرانہ بھی پیش کرنا پڑا تو ذرا بھی دریغ نہیں کریں گے، سی پی او لاہور

ہفتہ 3 دسمبر 2016 20:52

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 دسمبر2016ء) سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر)محمد امین وینس نے کہا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کی خاطر جانوں کا نذرانہ بھی پیش کرنا پڑا تو ذرا بھی دریغ نہیں کریں گے۔جرائم پیشہ عناصر کے خلاف شہر میں روزانہ کی بنیاد پر کریک ڈائون کیا جا رہا ہے جس کے نتیجے میں بہترین کامیابیاں حاصل ہو رہی ہیں۔

لاہور پولیس نے ربیع الاوّل کے بابرکت مہینے میں ہونے والی محافل اور سیمینار ز کے لئے فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے ہیں ۔ علماء کرام پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ان محافل اور جمعتہ المبارک کے خطبات کے دوران اتحاد بین المسلمین کا درس دیںاور لوگوں کو پیار، امن اور محبت کی جانب راغب کرے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج پولیس لائن قلعہ گجر سنگھ میں ربیع الاوّل کے سلسلہ میں علماء کرام کے ایک اہم اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز ڈکٹر حیدر اشرف ، ایس پی سکیورٹی عبادت نثار اور ایس پی سٹی محمد نوید کے علاوہ علمائے کرام میں مولانا راغب حسین نعیمی، مفتی انتخاب احمد، پیر عثمان نوری،مولانا محمد آصف ، محمد علی نقشبندی ، مولانا محمد اظہر ، مولانا جاوید سمیت متعدد علمائے کرام موجود تھے۔ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حید ر اشرف نے اس موقع پر کہا کہ تمام ایس پیز اپنے علاقوں میں محافل کے سلسلہ میں متعلقہ علماء کرام اور منتظمین سے ملاقات کرکے سکیورٹی معاملات طے کرے ۔

تمام منتظمین ، رضاکاروں کی فہرستیں ایس پی سکیورٹی کے دفتر بھجوائیںتا کہ پولیس لائنز میں فائرنگ پر یکٹس کروائی جاسکے۔علماء کرام نے جو قیمتی تجاویز دی ہے ان پر مکمل عمل درآمد کروائیں گے۔ آخر میں علمائے کرام اور پولیس آفسران نے ربیع الاول کے دوران پورے ملک میں امن و سلامتی کیلئے دعاکی۔

متعلقہ عنوان :