پیپلزپارٹی کل لاہور میں سندھ ڈے منائے گی،نثار کھوڑو

پیپلزپارٹی ذوالفقارعلی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے فلسفے کو لے کر آگے بڑھ رہی ہے،سینئر وزیر سندھ

ہفتہ 3 دسمبر 2016 20:47

پیپلزپارٹی کل لاہور میں سندھ ڈے منائے گی،نثار کھوڑو
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 دسمبر2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کے سینئروزیر اور پارٹی رہنما نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کل لاہور میں سندھ ڈے منائے گی۔ پیپلزپارٹی شہید ذوالفقارعلی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے فلسفے کو لے کر آگے بڑھ رہی ہے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے عدالتی قتل پر آج عدلیہ بھی شرمندہ ہے۔

2018ء کے ایکشن میں پاکستان پیپلزپارٹی بھرپور تیاری کررہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے لاہورپریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ صوبائی وزیر سندھ ناصر شاہ اور مہیش کمار بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے چیئرمین شہید ذوالفقار علی بھٹو نے اپنے دور بحران میں بہادری سے دن گزارے کسی کے سامنے گھٹنے نہیں ٹیکے۔

(جاری ہے)

ان کا قتل عدالتی قتل تھا۔ جس کا اعتراف شہید ذوالفقار علی بھٹو کو سزائے موت دینے والے جج بھی کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی کے پارٹی چھوڑنے سے پارٹی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا جو پارٹی چھوڑ کر گیا وہ قصہ پارشہ ہوکر رہ گیا۔ نثار کھوڑو نے کہاکہ سی پیک پر دوسرے صوبوں کے تحفظات ہیں جنہیں دورکرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی بنیاد ایک آمر جنرل ضیاء نے رکھی یہی وجہ ہے کہ موودہ حکمرانوں سے آمریتی حکمرانی کا عنصر ختم نہیں ہورہا۔

حکمرانوں کی عیاشیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں اور نہ ہی وفاق نے صوبوں کو این ایف سی ایوارڈ دیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ حکمران عوام سے خوفزدہ ہیں اور اس ڈر سے نوازشریف اور پرویز مشرف ملک سے بھاگے۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ عمران خان بنی گالا میں چھپ بیٹھا ہے۔ اس کا ذکر کیا کریں انہوںنے کہا کہ یہ سندھ اسمبلی کو اعزاز حاصل ہے کہ اس نے قانون پاس کیا ہے کہ شادی 18سال سے کم عمر میں نہیں ہوسکتی۔

انہوںنے کہاکہ پیپلزپارٹی نے میڈیا پر قدغن کی ہمیشہ مخالفت کی بول ٹی وی کی بندش کے خلاف سندھ اسمبلی میں قرارداد پیش کی۔ انہوںنے کہا کہ ہم اخبارات کے دفاتر کے سامنے مظاہرے نہیں کرتے۔ قطری شہزادے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب پر نثا رکھوڑو نے کہا کہ نوازشریف نے قطری شہزادے سے اپنے لیے تو پیسے مانگے اگر وہ نندی پور پروجیکٹ کے لئے مانگتے تو زیادہ بہتر ہوتا۔انہوں نے کہا کہ لاہور شہر میں سڑکیں تو قدرے بہتر ہوئی ہیں لیکن جھونپڑیاں ابھی دکھائی دیتی ہیں دوسرے صوبوں میں جہاں احساس محرومی بڑھ رہا ہے وہاں حکمرانوں کی عیاشیوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ صوبوں میں کشیدگیاں بڑھ رہی ہیں۔(قیوم زاہد)