جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ کراچی سے ملحقہ علاقوں میں پاور فل لیزر لائٹ کا استعمال

ائرپورٹ پر اترنے اور روانہ ہونے والوںجہازوں کیلئے انتہائی سیکورٹی رسک قرار

ہفتہ 3 دسمبر 2016 20:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 دسمبر2016ء) جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ کراچی سے ملحقہ علاقوں میں پاور فل لیزر لائٹ کا استعمال ائرپورٹ پر اترنے اور روانہ ہونے والوںجہازوں کیلئے انتہائی سیکورٹی رسک ہے لہذا جہازوں اور مسافروں کی حفاظت کے پیش نظر ائرپورٹ کے قریب وجوار میں واقع شادی ہالوں اور پبلیسٹی کے استعمال کیلئے لیزر لائٹ استعمال کرنے والے تمام متعلقین کے خلاف سخت کاروائی کی جائیگی یہ فیصلہ کمشنر کراچی اعجاز احمد خان کی زیر صدارت جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ سے ملحقہ علاقوں کی سیکورٹی ،اردگرد علاقوں میں پاور فل لیزر لائٹس کے باعث مسافروں اور جہازوں کو درپیش مشکلات وخطرات ، مسلح گارڈز کی ائرپورٹ کی حدود میں داخلے ،بھٹائی آباد اور اسکے اطراف میں ائرپورٹ کے نئے ٹرانسمیٹنگ اسٹیشن کے نزدیک مشکوک افراد کی آمد ورفت روکنے، ائر پورٹ آنے جانے والے راستوں میں ٹریفک مینجمنٹ اور ائرپورٹ سے ملحقہ علاقوں میں گندگی اور کچرے کے ڈھیر کے مسائل کے حوالے سے منعقدہ ایک اعلی سطحئی اجلاس کے موقعہ پر کیا گیا، اجلاس میں ائرپورٹ منیجرسول ایوی ایشن اتھارٹی نثار بروھی ، ڈپٹی کمشنر ملیر سید محمد علی شاہ ، ڈپٹی کمشنر کورنگی زین العابدین ، ڈپٹی کمشنر ساؤتھ رفیق قریشی ، ایس پی ٹریفک ایسٹ ارم اعوان ، ایس ایس پی ملیر جاوید اکبر ، ڈائریکٹر پی ڈی اینڈ ای سید محمد شکیب ، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کراچی فاروق احمد صدیقی ، ڈائریکٹر میڈیا مینجمنٹ کمشنر کراچی محمد شبیہ صدیقی ، ڈائریکٹر سالڈ ویسٹ مینجمنٹ ڈی ایم سی ایسٹ جاوید کلہوڑ ، میونسپل کمشنر ڈی ایم سی ملیر عمران اسلم کے علاوہ دیگر متعلقہ اداروں کے افسران بھی شریک تھے ۔

(جاری ہے)

کمشنر کراچی نے اس موقعہ پر ہدایت کی کہ مسافروں اور جہازوں کیلئے سیکورٹی رسک کی علامت پاور فل لیزر لائٹس کے استعمال پر پابندی عائد کی جائے اور تمام متعلقین کو اسکا سختی سے پابند بنایا جائے ،اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیاگیاکہ جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ سے ملحقہ علاقوں میں ائرپورٹ کی سیکورٹی کے تناظر میں حفاظتی اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائیگا جبکہ ائرپورٹ کی حدود میں مسلح سیکورٹی گارڈز اور مسافروں کے علاوہ غیر متعلقہ افراد کے داخلے کیلئے بھی مؤثر منصوبہ بندی کی جائیگی ، انہوں نے اس حوالے سے متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر ، پولیس اور ائرپورٹ کی انتظامیہ پر مشتمل ایک مشترکہ وزٹ کر نے کی ہدایت کی اور اس وزٹ کی رپورٹ انھیں کمشنر آفس میں پیش کرنے کی بھی ہدایت کی ، اس موقع پر سول ایوی ایشن کے ائرپورٹ منیجر نے اجلاس کو بتایا کہ ائر پورٹ کے نئے ٹرانسمیٹنگ اسٹیشن سے ملحقہ علاقے بھٹائی آباد کے قریب واقع راشدی گوٹھ سے متصل ائرپورٹ کی دیوار کو نقصان پہنچایا گیا ہے جس کے باعث جرائم پیشہ ، مشکوک اورمنشیات کے عادی افراد کی آمد ورفت کے باعث قیمتی آلات اور کیبل چوری کے واقعات میں اضافہ ہوگیا ہے لہذا مذکورہ علاقے میں پولیس کی پیٹرولنگ بڑھادی جائے ، کمشنر کراچی نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ خصوصی طور رات کے اوقات میں پولیس پیٹرولنگ میں اضافہ کیا جائے اور شکایات کا ازالہ کیا جائے ، کمشنر کراچی نے مزید ہدایت کی کہ ملکی اور غیر ملکی مسافروں کی آمدورفت کے پیش نظر ان کی سہولت کیلئے ائرپورٹ جانے اور آنے والے راستوں پر ٹریفک مینجمنٹ کے خصوصی اقدامات کئے جائیں اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جائے ، اسکے علاوہ باہر سے آنے والے مسافروں میں کراچی کے سافٹ امیج کو بہتر بنانے کیلئے ائرپورٹ کے اطراف علاقے کو صاف ستھرا، کچرے سے پاک اور سرسبز بنایا جائے ، کمشنر کراچی نے مزید ہدایت کی کہ ائرپورٹ کے اطراف راستوں میں کچرا ڈالنے والے افراد یا اداروے کے خلاف کاروائی کی جائے اور انھیں راستے میں کچرا نہ ڈالنے کا پابند بنایا جائے ۔

#

متعلقہ عنوان :