سونا اور ڈالر سمگلنگ ر وکنے کے لیے ٹھوس اقدامات کے ساتھ خصوصی ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں،وڑائچ

ہفتہ 3 دسمبر 2016 20:04

ملتان۔03 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 دسمبر2016ء) کسٹم کلکٹر ملتان سرفراز احمد وڑائچ نے کہا ہے کہ سونااور ڈالر سمگلنگ روکنے کے لیے حکومت پاکستان کے واضح احکامات کے تحت ٹھوس اقدامات اٹھانے کے ساتھ ہی مانیٹرنگ کی خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دیدی گئی ہیں۔ یہاں میڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ کسٹم کے ساتھ ساتھ ایئرپورٹ سکیورٹی فورس ،ایف آئی اے اور اینٹی نارکوٹکس فورس بھی اس سلسلے میں بھرپورمعاونت اور اپنا کام کررہی ہے۔

انہوںنے کہاکہ ملتان کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دن اور رات کے اوقات میں آنے اورجانے والی تمام پروازوں کے مسافروں کی مکمل چیکنگ ،ان کے سامان کی سکریننگ کے لیے کسٹم کے اسسٹنٹ کلکٹر اورڈپٹی کلکٹر کی سطح کے افسران کوپابند کیاگیا ہے کہ وہ ایئرپورٹس پرموجودرہیں اورتمام مسافروں کی چیکنگ اورکلیئرنس کاعمل اپنی نگرانی میںمکمل کرائیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایا کہ اس مقصد کے لیے اے سی زوہیب سندیلہ کی سربراہی میں بنائی گئی ایک خصوصی چیکنگ ٹیم نے موبائل فونز کے علاوہ شراب ،ایل ای ڈیز اور غیرملکی سگریٹ کی سمگلنگ ناکام بنانے میں کامیابی حاصل کی ہے۔سرفراز وڑائچ نے کہاکہ ہم نے مختلف اشیاء کی سمگلنگ روکنے کے لئے اپنے سسٹم کومزید شفاف ،تیزرفتار اور بااعتماد بنادیا ہے جبکہ دوسرے محکمو ں کے تعاون کے لیے روابط میں بہتری لانے کے ساتھ 24گھنٹے ایئرپورٹس پر آمد ورفت کی کڑی نگرانی بھی شروع ہے۔ہماری مکمل کوشش ہے کہ ملکی معیشت کو نقصان پہنچانے والے عوامل کو کیفر کردار تک پہنچائیں اس سلسلے میں عوام ہروقت ہمارے ساتھ رابطہ کرسکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :