خصوصی افراد کو بوجھ سمجھنے کی بجائے انہیں خود مختار ،خود انحصار طرز زندگی کی فراہمی ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے‘ وحید اختر انصاری

ہفتہ 3 دسمبر 2016 19:53

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 دسمبر2016ء) خصوصی افراد معاشرے کے اہم رکن ہیں انھیں بوجھ سمجھنے اور بوجھ بنانے کی بجائے انہیں ان کی استعدادوں سے آگاہ کر خود مختار اور خود انحصار طرز زندگی کی فراہمی ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے، والدین کے لیے یہ سمجھنا از حد ضروری ہے کہ جسمانی اور معمولی ذہنی نقائص کا شکار بچوں کی تعلیم و تربیت نارمل بچوںسے بھی زیادہ اہم ہے کیونکہ نارمل بچے اپنے لیے آگے بڑھنے کے لیے مواقع خود پیدا کر سکتے ہیں مگر خصوصی بچوں کو اس مقصد کے لیے اپنے والدین اور اپنے بہن بھائیوں کی خصوصی توجہ اور سپورٹ کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ وہ گھر سے باہر درپیش رکاوٹوں اور رویوں کا بہادری سے مقابلہ کر سکیں اور اپنے ساتھیوں کی طرح نارمل زندگی گزار سکیں۔

ان خیالات کا اظہار محکمہ سوشل ویلفیئر و بیت المال کے قائم مقام سیکرٹری اور ڈایریکٹر جنرل وحید اختر انصاری نے معذور افراد کے عالمی دن کے موقع پر سوشل ویلفیئر کمپلیکس میں مقیم اور زیر تربیت خصوصی بچو ں اور سول سوسائٹی کے نمائندگان کے ساتھ واک کے موقع پر شرکاء سے خطاب کے دوران کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس وقت ہماری خوش قسمتی ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب معذور افراد کی بحالی اور ان کے مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں اور حکومت پنجاب خصوصی معذور افراد کو تعلیم،صحت ،ووکیشنل ٹریننگ اور کاروبار کے یکساں مواقع فراہم کر رہی ہے۔

پنجاب کی موجودہ حکومت نے معذور افراد کو سرکاری ملازمتوں کی فراہمی کے لیے تاریخ میں پہلی بار 3فیصد کوٹہ کے تحت 4249آسامیاں پیدا کیں جن میں سے 1527سیٹوں پر نابینا افراد خدمات سر انجام دے رہے ہیں ۔ حال ہی میں5سے 15گریڈ کی بھرتیوں پر سے بھی پابندی ختم کر دی گئی ہے ۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت کے ساتھ ساتھ سول سوسائٹی بھی اپنے فرائض نبھائے اور خصوصی افراد کی جانب منفی رویوں کی حوصلہ شکنی کرے ۔

آج کی یہ واک عوام میں معذور افراد کے حقوق سے آگاہی کی ایک کوشش ہے جسے آپ سب لوگ ملکر کامیاب بنا سکتے ہیں۔واک کے اختتام پر محکمہ سوشل ویلفیئر اور میکڈونلڈ کے اشتراک سے سوشل ویلفیئر کے ادارے چمن کے ذہنی معذور بچوں کے لیے لنچ اور میوزیکل شو کا اہتمام کیا گیا تھا ۔ بچوں نے میوزک پر رقص کیا اور کھانے سے لطف اندوز ہوئے۔