گریٹر اقبال پارک میں گُلِ دائودی کی نمائش جاری ، شرکاء کے مابین تقریب تقسیمِ انعامات

ہفتہ 3 دسمبر 2016 19:52

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 دسمبر2016ء)گریٹر اقبال پارک میں گُلِ دائودی کی نمائش میں حصہ لینے والے شرکاء کے مابین تقریب تقسیمِ انعامات منعقد کی گئی۔ تفصیل کے مطابق ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے میاں شکیل احمداس تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔ انہوں نے تقریب شروع کرنے سے قبل ہی اعلان کیا کہ پھولوں کی اس تقریب میں درحقیقت مہمانانِ خصوصی وہ تمام مالی حضرات ہیں جن کی محنت ان پھولوں کی صورت میں یہاں خوبصورتی بکھیر رہی ہے ۔

شکیل احمد نے سپاس نامہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ افتخار احمد کی سرپرستی میں ہمارے محکمہ کا ہر فردخوش دلی سے کام کر رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم لاہور کی بہترین خوبصورتی کا باعث وزیرِ اعلیٰ پنجاب کو سمجھتے ہیں کہ جن کی قائدانہ توجہ نے ہمیشہ ہمیں بہتر سہولیات و نمائندگی سے نوازا ہے ۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے نے ہارٹیکلچر سوسائٹی آف پاکستان کے کنوینر مصظفی کمال اور طارق جیلانی جنرل سیکرٹری کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا کہ جن کی معاونت سے یہ نمائش ستائش کو پہنچی۔

جیوری کے مرتب کردہ نتائج کے مطابق پہلا انعام پی ایچ اے نے وصول کیا۔ دوسرا انعام باغِ جناح کو تیسرا انعام محکمہ آثارِ قدیمہ کو دیا گیا۔اسی طرح مختلف شعبہ جات میں فیکٹریز و کمرشل ادارے ،تعلیمی ادارے و ہوٹل انڈسٹری کے علاوہ پرائیویٹ گھروں کے مالکان نے بھی بڑے جذبے کے ساتھ حصہ لیا۔ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ باغ بانی حقیقت میں ایک فن ہی نہیں بلکہ عبادت بھی ہے اس فن سے تعلق رکھنے والا شخص ہمیشہ صبر کا عادی ہوتا ہے یعنی جس طرح گلِ دائودی تقریباًً 11 ماہ کی محنت و افزائش کے بعد دیکھنا نصیب ہوتا ہے۔

اسی طرح اگر کسی نے صبر سیکھنا ہو تو ان صبر آزما کام میں مصروف مالیوں سے سیکھے۔انہوں نے کہاکہ میں مالیوں کی بہتری کی خاطر ہمیشہ کوشاں رہوں گا۔