ماہ ریبع الاول میں فراہمی آب اور نکاسی آب کے مسائل کے حل کیلئے چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور کی زیر صدارت واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران اور ایم این ایز اور ایم پی ایز کاہنگامی اجلاس

ہفتہ 3 دسمبر 2016 19:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 03 دسمبر2016ء)ایم پی اے فیصل سبز واری نے کہا کہ فراہمی آب اور نکاسی آب کے بڑھتے ہوئے مسائل کے ازالے کیلئے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کا مکینزم اپ گریڈ ہونا ناگزیر ہے ، عوام واٹر اینڈ سیوریج کے مسائل سے تنگ آگئے ہیں ، چیئرمین ، ایم پی ایز ، ایم این ایز سمیت واٹر بورڈ کے افسران و حکام سب عوامی خدمت پر معمور ہیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور، وائس چیئرمین عبدالرؤف خان،ایم این اے محمد اقبال ، محمدمزمل قریشی، ڈاکٹر نگہت شکیل ،کشور زہرہ ،سمن جعفری ایم پی اے محمود عبدالرزاق، علی رضا عابدی ، قمر عباس رضوی ، فیصل رفیق، ہیر سوہو ، نائلہ منیر اور دیگر افسران کے ہمراہ واٹر اینڈ سیوریج کے مسائل کے حل کیلئے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے اعلی حکام کے علاوہ بلدیہ شرقی کے متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔ چیئرمین بلدیہ شرقی معید انورنے اس موقع پر کہا کہ مارہ ربیع الاول کے مہینے کو مدنطر رکھتے ہوئے فوری طور پر بالخصوص مساجد و عاشقا ن رسول کے سلسلے میں لگائی جانے والی اجتماع گاہوں کے اطراف سیوریج کے مسائل پر قابو پایا جائے اور فراہمی آب کو مستقل بنیادوں پر جاری رکھنے کیلئے اقدامات کیئے جائیں ، واٹر بورڈ کے افسران نے اس موقع پر ماہ ربیع الاول میں نکاسی آب کے مسائل کے حل کی مکمل یقین دہانی کرائی جبکہ مستقل حل کیلئے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نکاسی آب کا مسئلہ کراچی کی تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی اور بلڈنگ کی تعمیر کی وجہ سے بڑھتا جارہا ہے جبکہ اس سلسلے میں ہم سے کسی قسم کا کوئی کو آرڈینیشن نہیں کیا جاتا اور کراچی میں پچھلے دس سالوں میں پانی کی سپلائی میں بھی اضافہ نہیں کیا گیا ، k4 منصوبہ جب تک مکمل نہیں ہوجاتا فراہمی آب کا مسئلہ مکمل طور پر حل نہیں ہوپائے گا، ہم اپنی طرف سے پوری کوشش کررہے ہیںکہ مسائل پر قابو پایا جائے مگر مناسب وسائل نہ ہونے کی وجہ سے دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، ایم این اے محمد مزمل قریشی نے اس موقع پر کہا کہ واٹرا ینڈ سیوریج بورڈ کے حکام پانی کی سپلائی سے متعلق مقدار کو تحریری طور پر تمام یوسیز میں دیں اور پانی نہ آنے کی صورت میں عوام کو قبل از وقت آگاہ کیا جائے تاکہ مشکلات میں کسی حد تک کمی لائی جاسکے۔

چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور نے اس موقع پر کہا کہ میں اور میری انتظامیہ عوامی مسائل کے حل کیلئے واٹر اینڈسیوریج بورڈ کے ساتھ مکمل تعاون اور کو آرڈینیشن کرکے اقدامات یقینی بنانے کیلئے پیش ہیں ، اداروں کے آپس میں تعاون اور کوآرڈینیشن کرکے ہی شہر کو مسائل سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکتا ہے۔