انسٹی ٹیوٹ آف سسٹین ایبل ہیلو فائٹ یوٹیلائزیشن کے زیر اہتمام دو روزہ ورکشاپ کی افتتاحی تقریب

ہفتہ 3 دسمبر 2016 19:15

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 دسمبر2016ء) جامعہ کراچی کے انسٹی ٹیوٹ آف سسٹین ایبل ہیلو فائٹ یوٹیلائزیشن کے زیر اہتمام اور پاکستان اکیڈمی آف سائنسز کی معاونت سے منعقدہ دو روزہ ورکشاپ بعنوان ’’پائیدار ترقی اور ماحولیاتی تحفظ‘‘ کی افتتاحی تقریب سے جرمنی کی جسٹیس لیبگ یونیورسٹی (گیسن) کے پروفیسر ڈاکٹر ہانزوورنرکوئیرو نے خطاب کرتے ہوئے محققین کو روایتی اور غیر روایتی فصلوں کی کیمیائی اور فعلیاتی تحقیق کے اہم امور سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق انہوں نے کہا کہ سیم اور تھور زدہ زمینوں کو قابل کاشت بنانے کے لئے یہ تحقیق معاون ثابت ہوسکتی ہے جس سے ماحولیاتی تحفظ کا حصول بھی ممکن ہے۔ نوجوان محققین نے مذکورہ ورکشاپ میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ ورکشاپ کے دوسرے روز (آج) اتوار کو چین سے تعلق رکھنے والے پروفیسر ڈاکٹر شائوجن لیو، ایتھوپیا کے ڈاکٹر بینوبوئیر اور معروف پاکستانی سائنسدان بھی کلر زدہ زمینوں پر کاشت کے طریقہ کار سے متعلق آگاہی فراہم کریں گے۔