سندھ ثقافتی دن کل) ملک بھر میں روایتی جوش و خروش سے منایا جائے گا، مولا بخش چانڈیو

ہفتہ 3 دسمبر 2016 19:15

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 دسمبر2016ء) وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر اطلاعات مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو ذرداری کی قیادت میں سندھ ثقافتی دن (کل) اتوار کو لاہور سمیت ملک بھر میں روایتی جوش و خروش سے منایا جائے گا، ہم محبت اور بھائی چارے کا پیغام عام کرنا چاہتے ہیں۔ ہفتہ کو جاری کردہ اپنے بیان میں مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ سندھ صوفیوں کی سرزمین اور امن و اتحاد کا گہوارہ ہے جہا ں سے ہمیشہ امن، رواداری اور برادشت کا درس عام ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے سندھ کی ثقافت کو فروغ دینے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ مولابخش چانڈیو نے کہا کہ سندھ کے ثقافتی دن روایتی انداز کو ملحوظ خاطر رکھ کر ثقافتی پروگرام منعقد کئے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس دن سندھ کے لوگ ایک دوسرے کے ساتھ یکجہتی، اتحاد کا مظاہرہ کرنے، سندھ میں امن، بھائی چارے، مذہبی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور رواداری کو فروغ دینے، سندھی کلچر کی احیاء کے لئے سندھی ٹوپی اور اجرک پہنتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس دن سندھ کے لوگ اجرک اور ٹوپی کے تحائف بھی ایک دوسرے کو پیش کرتے ہیں، بچے اور خواتین بھی اجرک کے لباس بڑی محبت سے پہنتی ہیں اور اس دن سندھ کی ترقی کے لئے خصوصی دعائوں کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت، سندھ کی تمام سیاسی، سماجی اور مذہبی تنظیموں، اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کی انتظامیہ کی جانب سے اس دن کی مناسبت سے مختلف تقریبات منعقد کی جاتی ہیں جس میں لوک موسیقی کے پروگرام، ڈرامے، فن کی نمائش، ادبی محفل، بحث مباحثہ کے مقابلے، سیمینارز سمیت دیگر روایتی سالانہ جشن شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس دن کو سندھی میڈیا بھی بہترین انداز میں مناتا ہے اور اس دن کی مناسبت سے مختلف پروگرامز کا بندوبست کرتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :