ورلڈ بینک ماہرین کا بین الاقوامی تجربہ کراچی کے میگا پروجیکٹس کے لئے مفید ثابت ہوگا ، وسیم اختر

منصوبوں میں ورلڈ بینک کی طرف سے شہری علاقوں کے منتخب نمائندوں کی شمولیت اہمیت کی حامل ہوگی، میئر کراچی

ہفتہ 3 دسمبر 2016 19:06

ورلڈ بینک ماہرین کا بین الاقوامی تجربہ کراچی کے میگا پروجیکٹس کے لئے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 دسمبر2016ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ ورلڈ بینک ماہرین کا بین الاقوامی تجربہ کراچی کے میگا پروجیکٹس کے لئے مفید ثابت ہوگا کراچی کے لئے بنائے گئے منصوبوں میں ورلڈ بینک کی طرف سے شہری علاقوں کے منتخب نمائندوں کی شمولیت اہمیت کی حامل ہوگی۔ یہ بات انہوں نے ملاقات کے لئے آئے ہوئے ورلڈ بینک کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جس نے کراچی کی بہتری اور ترقی کے حوالے سے مختلف معاملات پر میئر کراچی سے تبادلہ خیال کیا۔

میئر کراچی نے اس موقع پر کراچی کے منصوبوں میں ورلڈ بینک کے تعاون کا خیر مقدم کرتے ہوئے بہتر اور موثر رابطوں کی ضرورت پر زور دیا۔ وفد کے سربراہ نے کراچی میں شہریوں کے معیار زندگی میں بہتری لانے کے لئے ورلڈ بینک کے منصوبوں کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ کراچی صرف پاکستان کا ہی نہیں بلکہ دنیا کا بہترین شہر بن سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی کی ضروریات کے مطابق متعدد منصوبوں پر عملدرآمد زیر غور ہے تاہم اس کے لئے بنیادی انفراسٹرکچر کو ترقی دینا اور انتظامی امور میں بہتری لانا ہوگی۔

ورلڈ بینک کراچی کی ترقی کے لئے ہرممکن مالیاتی تعاون مہیا کرے گا۔ میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ وہ ورلڈ بینک کے ساتھ کام کرنے کا سابقہ تجربہ رکھتے ہیں، بلدیہ عظمیٰ کراچی کی موجودہ صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم اپنی بنیادی ضروریات کے لئے فنڈز کے حصول کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں اور کراچی کو ترقی دینے کے عزم پر قائم ہیں انہوں نے کہا کہ کراچی میں کچرا اور صفائی ستھرائی اہم ترین مسئلہ ہے تاہم انہوں نے کہا کہ منتخب نمائندوں پر مشتمل ان کی ٹیم صورتحال میں بہتری لانے کے لئے ہرممکن اقدامات کر رہی ہے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے بھی انہیں کراچی کی ترقی کے لئے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

متعلقہ عنوان :