میئر کراچی وسیم اختر کو ڈاکٹر عاصم کیس میں انسداد دہشتگردی نے عدالت حاضری سے استثنیٰ دیدیا

معزز عدالت جب بھی بلائے گی حاضر ہوجاؤں گا اور اب مزید تندہی اور جانفشانی سے اہلِ کراچی کے لیے کام کروں گا، میئر

ہفتہ 3 دسمبر 2016 19:02

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 دسمبر2016ء) دہشت گردوں کو علاج کی سہولت فراہم کروانے سے متعلق ڈاکٹر عاصم کیس میں ضمانت پر رہا میئر کراچی وسیم اختر کو انسداد دہشت گردی کی عدالت نے حاضری سے استثنیٰ دے دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق میئر کراچی وسیم اختر کی عدالت میں حاضری سے استثنیٰ حاصل کرنے کی درخواست انسداد دہشت گردی کی عدالت نے قبول کرتے ہوئے انہیں عدالت میں حاضری سے مستثنیٰ قرار دے دیا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وسیم اختر نے عدالت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ معزز عدالت جب بھی بلائے گی حاضر ہوجاؤں گا اور اب مزید تندہی اور جانفشانی سے اہلِ کراچی کے لیے کام کروں گا۔گزشتہ روز کراچی میں آگ لگنے کے واقعہ پر پوچھے گئے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا شہر میں کیمیکل مواد اور اس سے جڑی چیزیں نہ رکھی جائیں ایسے ذخائر کو شہر سے باہر منتقل کردیا جائے تو زیادہ بہتر ہو گا۔میئر کراچی نے کہا کہ بلدیہ عظمی کراچی نے محدود اختیارات اور فنڈز کی کمی کے باوجود شہر کی خدمت کرنے کا عزم کر رکھا ہے جس کے لیے پہلے مرحلے میں سو دن کی خدمتی مہم کا آغاز کردیا ہے جس کا دائرہ کار مزید یو سیز اور ضلعی حکومتوں تک پھیلایا جائے گا