بلاول بھٹو ذرداری کی قیادت میں سندھ ثقافتی دن کل لاہور میں بھی جوش و خروش اور روایتی انداز میں منایا جا ئے گا

ہم محبت اور بھائی چارے کا پیغام عام کرنا چاہتے ہیں اور محبت اور امن کا پیغام سندھ سے پنجاب کی جانب پہنچا رہے ہیں، مولا بخش چانڈیو

ہفتہ 3 دسمبر 2016 19:02

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 دسمبر2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو ذرداری کی قیادت میں سندھ ثقافتی دن کل لاہور میں بھی جوش و خروش اور روایتی انداز میں منایا جا ئے گا۔ہم محبت اور بھائی چارے کا پیغام عام کرنا چاہتے ہیں اور محبت اور امن کا پیغام سندھ سے پنجاب کی جانب پہنچا رہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہارانہوںنے ہفتہ کے روز وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیربرائے اطلا عات مولا بخش چانڈیونے اپنے جاری ہونے والے ایک بیان میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ ملک بھرمیں ثقافتی دن کی اہمیت کو اُجاگر کرنے کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹوزرداری کی قیادت میںثقافتی دن لاہور سمیت پور ے ملک میں جوش و خروش اور روایتی انداز میں منایا جا ئے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سندھ صوفیوں کی سرزمین اور امن و اتحاد کا گہوارہ ہے جہا ں سے ہمیشہ امن، رواداری اور برادشت کا درس عام ہوا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے سندھ کی ثقافت کو فروغ دینے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں جا رہے ہیں۔ مولابخش چانڈیو نے کہا کہ سندھ ثقافتی دن ہر سال نہایت جوش و جذبے کے ساتھ منایا جاتا ہے جس میں روایتی انداز کو ملحوظ خاطر رکھ کر ثقافتی پروگرام منعقد کئے جا تے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس دن سندھ کے لوگ ایک دوسرے کے ساتھ یکجہتی ،اتحاد کا مظاہرہ کرنے ،سندھ میں امن، بھائی چارے، مذہبی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور رواداری کو فروغ دینے، سندھی کلچر کی احیاء کے لئے سندھی ٹوپی اور اجرک پہنتے ہیں۔

انہو ں نے کہا کہ اس دن سند ھ کے لوگ اجرک اور ٹوپی کے تحائف بھی ایک دوسرے کو پیش کرتے ہیں یہاں تک کہ بچے اور خواتین بھی اجرک کے لباس بڑی محبت سے پہنتی ہیں اور اس دن سندھ کی ترقی کے لئے خصوصی دعاوں کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ ثقافتی دن کے موقع پرسندھ حکومت ،سندھ کی تمام سیاسی، سماجی اور مذہبی تنظیموں،سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کی انتظامیہ کی جانب سے اس دن کی مناسبت سے مختلف تقر یبات منعقد کی جاتی ہیں جس میں لوک موسیقی کے پروگرام، ڈرامے ، فن کی نمائش ،ادبی محفل، بحث مبا حثہ کے مقابلے ، سیمینارز سمیت دیگر روایتی سالانہ جشن شامل ہیں جس کہ زریعے سندھی ثقافت، سندھ کی تاریخ اور ورثے کو اجاگر کیا جاتا ہے .اس دن کو سندھی میڈیا بھی نہایت شان دار طریقے سے مناتا ہے اور ذرائع ابلاغ کے یہ ادارے اس دن کی مناسبت سے مختلف پروگرامز کابندوبست کر تے ہیں جس میں سندھ بھر سے کثیر تعداد میں لوگ شرکت کرتے ہیں ۔

مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ یہ دن پاکستان پیپلز پارٹی کے کو چیئرمین اورسابق صدر آصف علی زرداری کی جانب تنقید کے ردعمل میں 2009 سے منانا شروع کیا گیا جب سابق صدر آصف علی زرداری اپنے افغانستان کے سرکاری دورے کے دوران سندھی ٹوپی پہن کر گئے تھے۔مولابخش چانڈیو نے کہا کہ یہ دن اس بات کی علامت ہے کہ سندھ کے لوگ کس قدر پرامن لوگ ہیں اور ان کے درمیان کوئی امتیاز نہیں ہے ۔

دیگر قومیتوں کے لوگ بھی اپنے صوبے کے لئے اپنی محبت کا والہانہ اظہار کرتے ہوئے تقریبات میں حصہ لیتے ہیںاور سندھ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اس دن کو منانے کا مقصد اپنی ثقافت کو قائم رکھنا اور دیگر ثقافتوں اور غیر ملکی اثرات سے سندھی سماج میں تیزی سے ہونے والی تبدیلیوں سے نبردآزماہونا ہے۔#