پاکستان کسٹم پریونیٹو کی کراچی ایئرپورٹ پر کارروائی ،سونے کی سمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی

سونے کی عالمی قیمت کم ہونے کی وجہ سے ڈالر باہر جارہا ہے،ڈالرز کا باہر جانا ملک کے مفاد میں نہیں ہے،چیف کلکٹر کسٹم زاہد کھوکھر کی پریس کانفرنس

ہفتہ 3 دسمبر 2016 18:53

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 دسمبر2016ء) پاکستان کسٹم پریونیٹو نے کراچی ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے سونے کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی ہے ۔سونے کی عالمی قیمت کم ہونے کی وجہ سے ڈالر باہر جارہا ہے ۔ڈالرز کی اسمگلنگ روکنے کے لیے تمام ایئرپورٹس پر ایک ہی وقت میں آپریشن میں شروع کیا گیا ہے ۔ڈالرز کا باہر جانا ملک کے مفاد میں نہیں ہے ۔

یہ بات چیف کلیکٹر کسٹم زاہد کھوکھر نے ہفتہ کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتائی ۔انہوںنے کہا کہ ملک بھر کے ایئرپورٹس کی چیکنگ بڑھائی دی گئی ہے اور کڑی نگرانی کی جارہی ہے کہ کوئی مسافر مخصوص تعداد سے زیادہ ڈالرز ملک سے باہر نہ لے جاسکے ۔اس ضمن میں تمام ایئرپورٹس پر ایک ہی وقت میں آپریشن کا آغاز کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

کسٹمز کے اہلکار سول کپڑوں میں نگرانی کررہے ہیں اور مسافروں پر کڑی نگاہ رکھی جارہی ہے ۔

انہوںنے کہا کہ ڈالر کی قیمت بڑھ گئی ہے جبکہ سونے کی عالمی قیمت کم ہونے کی وجہ سے ڈالر ملک سے باہر جارہا ہے ۔ایک مسافر 10ہزار ڈالر باہر لے کر جاسکتا ہے ۔مسافروں کی چیکنگ وی نوک سسٹم کے ذریعہ کررہے ہیں ۔سسٹم اس بات کو یقینی بنائے گا کہ کوئی مسافر سالانہ 60ہزار ڈالر سے زیادہ باہر نہ لے جاسکے ۔اگلے مرحلے میں ملک بھر میں اس سسٹم کو نافذ کیا جائے گا ۔

مسافر کسی بھی ایئرپورٹ سے باہر جائے گاتو اس کا ڈیٹا اس سسٹم میں آجائے گا ۔اس ضمن میں ایٹا سے معاہدہ ہوگیا ہے کہ مسافر کا ڈیٹا اس کے آنے اور جانے سے پہلے ہی آجائے گا اور اسے وی نوک سسٹم سے منسلک کردیں گے ۔انہوںنے کہا کہ ہم آگہی پھیلانا چاہتے ہیں کہ ڈالرز کا باہر جانا ملک کے مفاد میں نہیں ہے ۔محکمہ کسٹمز نے کرنسی اور سونے کی اسمگلنگ کی کئی کوششوں کو ناکام بنایا ہے ۔

انہوںنے کہا کہ 20نومبر کوسونا اسمگل کرنے کی کوشش میں بہن بھائی کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کیا اور ان پر جرمانہ بھی عائد کیا گیا تھا ۔پکڑے جانے والے سونے کی مقدار محض 2.2کلوگرام تھی اس لیے اس بارے میں میڈیا کو آگاہ نہیں کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ ابھی ہمارے پاس 4 کتے ہیں اوراب برطانیہ سے کرنسی ڈاک کی تربیت کے لیئے رابطہ کر رہے ہیں۔ہمارے کتے کرنسی یا منشیات والے بیگ کو بھنبھوڑ دیتے ہیں۔

ہم برطانیہ سے بھی کتے منگوائیں گے ۔انہوںنے کہا کہ دبئی بانڈ فلائٹ کی چیکنگ زیادہ کی جا رہی ہے۔سول ایوی ایشن کی معذرت کے بعد ہم اپنے کیمرے لگارہے ہیں ۔ہمارے کیمروں کا کنٹرول ہمارے پاس ہی ہو گا۔ڈالر کی قیمت معمول پر آنے تک یہ چیکنگ جاری رہے گی ۔ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ منشیات کی طرح ڈالر بھی ملک سے باہر نہ جانے پائے ۔پاک افغان بارڈر پرنگرانی کا عمل جاری ہے ۔ملکی مفاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔اس موقع پر کلکٹر کسٹم ناٹو سیف الدین نے کہا کہ گزشتہ 6ماہ کے دوران مختلف کارروائیوں میں 6کروڑ 30لاکھ پاکستانی روپوںکے برابر ڈالر پکڑے ہیں ۔جبکہ 2.2کلو گرام سونا اور شراب بھی پکڑی گئی ہے ۔

متعلقہ عنوان :