جہاں پر خورشید انٹر نیشنل جیسے ادارے موجود ہوں وہاں پرتعلیمی ترقی کو دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی‘چوہدری سلطان حیدر

ہفتہ 3 دسمبر 2016 18:46

چکوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 دسمبر2016ء) خورشید انٹر نیشنل سکول اینڈ کالج میں یوم والدین کی شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی نوجوان مسلم لیگی رہنما چوہدری سلطان حیدر تھے،جبکہ اس موقع پر یونیورسٹی آف چکوال کے چیف ایگزیکٹو چوہدری ہمایوں اسلم، ملک صفی الدین صفی، ملک مدثر سیتھی اور دیگر عمائدین نے شرکت کی۔

اس موقع پر سکول کے بچوں نے خوبصورت ٹیبلو پیش کیے جنہیں عوام نے خوب سراہا۔ اس موقع پر خورشید انٹر نیشنل کے پرنسپل ایم کے مغل نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے اپنے سکول ، سٹاف اور بچوں کی تعلیمی سرگرمیوںبارے عوام کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر چوہدری سلطان حیدر نے خطاب میں خورشید انٹر نیشنل کے سٹاف کی محنت اور کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ چکوال الحمد اللہ اب تعلیمی لحاظ سے پورے ملک میں دوسری پوزیشن پر آچکا ہے اور جلد ہی پہلی پوزیشن حاصل کرلے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جہاں پر خورشید انٹر نیشنل جیسے ادارے موجود ہوں وہاں پرتعلیمی ترقی کو دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔ پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت تعلیم اور صحت پر خصوصی توجہ دے رہی ہے جس سے ہمارا ملک علامہ اقبال کے تصور اور قائداعظم کے خواب جیسا پاکستان اگلے چند سالوں میں سامنے آئے گا اس موقع پر والدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی ، آخر میں مہمانوں کے اعزاز مین پرتکلف ظہرانہ دیا دیا گیا۔

متعلقہ عنوان :