وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کی مزار قائد پر حاضری

بانی پاکستان کی سالگرہ کی مناسبت سے ’’ہفتہ قائداعظم‘‘ منانے کا اعلان کر اچی آپریشن کی حمایت تمام سیاسی جماعتوں نے کی، حکومت نے نیشنل ایکشن پلان کے حوالے سے ہمیشہ مشاورت کا عمل اختیارکیاہے،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں چوہدری نثار نے اہم کردار ادا کیا ہے، چوہدری نثار نے ملک کو پہلی بار نیشنل سیکیورٹی پالیسی دی اور وہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق کام کررہے ہیں، مریم اورنگزیب

ہفتہ 3 دسمبر 2016 18:30

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 دسمبر2016ء) وزیر مملکت برائے اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ بانی پاکستان قائداعظم محمدعلی جناح کے سالگرہ کی مناسبت سے وفاقی حکومت ’’ہفتہ قائداعظم‘‘ 19 دسمبرسے 25 دسمبر تک منائے گی جس میں مختلف پروگرامز منعقد کئے جائیں گے۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کو بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مزار کے احاطے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئی کہی۔

قبل ازیں وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دی، قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کے کتاب میں اپنے تاثرات قلم بند کئے۔ وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا کہ ایک ہفتہ کے پروگرامز میں تعلیمی اداروں اور پبلک سیکٹرز میں قائداعظم کی شخصیت سے متعلق مختلف پروگرامز پیش کئے جائیں گے جس میں اسکولز اور کالجز میں ٹیبلوز اور سیمینارز بھی شامل ہیں، پروگرامز میں نوجوان نسل کو قائداعظم کی شخصیت سے روشناس کرایا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قائداعظم کے فرمان ’’ایمان، اتحاد اور یقین محکم‘‘ پر عمل کر کے ملک کی تعمیر و ترقی کے اہداف حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کو آج اتحاد کی اشد ضرورت ہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ مردم شماری کے لئے اس سال کے ابتداء میں ہی حکومت نے حکمت عملی بنا لی تھی اور موجودہ حکومت مردم شماری کرائے گی۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پورے ملک کے لئے ہے۔

انہوں نے کہاکہ نیشنل ایکشن پلان اور موجودہ حکومت کی مثبت پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں امن وامان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے ابھی سیاست میں قدم رکھا ہے اور یہ مثبت اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ چودھری نثار پر بات کرنے کے بجائے ان کے کام پر بات کی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں چوہدری نثار نے اہم کردار ادا کیا ہے، چوہدری نثار نے ملک کو پہلی بار نیشنل سیکیورٹی پالیسی دی اور وہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق کام کررہے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کراچی آپریشن کے بعد تمام سیاسی جماعتوں نے کی اور نیشنل ایکشن پلان کے حوالے سے حکومت نے ہمیشہ مشاورت اختیارکی۔ قبل ازیں وزیر مملکت نے چین کی جانب سے مزار قائد کے لئے نئے بھیجے جانے والے فانوس کے تحفے کی تنصیب کے کام کا بھی جائزہ لیا اور فانوس کی تنصیب میں مصروف چینی انجینئرز سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ مزار قائد کے لئے چین کی جانب سے فانوس کا تخفہ دونوں ممالک کی دوستی کا عکاس ہے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ نیت اگر ملک کو ترقی کی جانب گامزن کرنے کی ہو تو تمام مسائل کو حل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ این ایف سی تمام صوبوں کے لئے ایک پلیٹ فارم ہے اور صوبوں کو چاہئے کہ اس پلیٹ فارم کو استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے 2013ء کے بعد تمام اہم مسائل پر آل پارٹیز کانفرنسز بلائی ہیں اور اہم مسائل کو اتفاق رائے سے حل کرنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت کا قلمدان سنبھالنے کے بعد میڈیا ہائوسز کے دورے کئے ہیں اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔