احتساب عدالت نے سابق مشیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کے خلاف کرپشن کیسز کی سماعت 8دسمبر تک ملتوی کردی

ہفتہ 3 دسمبر 2016 18:23

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 دسمبر2016ء) احتساب عدالت نے سابق مشیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین اور شریک ملزمان کے خلاف دائر462 ارب روپے کرپشن اور جے جے وی ایل میں17 ارب کرپشن ریفرنسز کی سماعت8 دسمبر تک ملتوی کردی ہے۔ہفتہ کو کراچی احتساب عدالت میں ڈاکٹر عاصم کے خلاف 462 ارب اور جے جے وی ایل میں17 ارب کرپشن ریفرنس سے متعلق سماعت ہوئی۔

عدالت میں ڈاکٹر عاصم اور دیگر شریک ملزمان پیش ہوئے عدالت میں سرکاری گواہ یونس ڈاہری کا بیان قلمبند ہوا۔ جبکہ عدالت نے گواہ کا بیان قلمبند ہونے پر آئندہ سماعت پر مزید گواہ طلب کر لئے۔ عدالت میں ڈاکٹر عاصم کی ہائیڈروتھراپی سے متعلق رپورٹ بھی پیش کی گئی ہے ۔دوران سماعت جے جے وی ایل ریفرنس کیس میں وکلا کا کہنا تھا کہ ہائیکورٹ کے فیصلے کی روشنی میں گواہوں کے بیانات کی فہرست فراہم کی جائے 38 گواہ ہیں۔

(جاری ہے)

نیب کی جانب سے ہمیں فہرست نہیں دی گئی ہے۔ نیب کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ہم نے گواہوں کے بیانات کو ریکارڈ ہی نہیں کیے ہیں۔ جس پر عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے نیب کے وکیل کو کہا کہ وہ تحریری طور پر عدالت میں اپنا موقف پیش کریں۔ بعدازاں عدالت نے جے جے وی ایل اور 462 ارب کرپشن ریفرنسز کی سماعت 8 دسمبر تک ملتوی کردی ہے۔ سماعت کے بعد میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں ڈاکٹر عاصم نے کہا کہ عوام کی مرضی سے مجھے عہدہ دیا گیا ہے۔ لوگوں نے مجھ پر بھروسہ کیا ہے۔ میں اس پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا سیاست میں نہ انے کے سوال پر انکا کہنا تھا کہ وقت اور حالات بدلتے رہتے ہیں۔