پارکس و پلے گراؤنڈ ز کی تعمیرو ترقی اور ان کی دیکھ بھال پر خصو صی توجہ مرکوز رکھی جائے،میونسپل کمشنر بلدیہ غربی

ہفتہ 3 دسمبر 2016 17:37

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 دسمبر2016ء) میونسپل کمشنر بلدیہ غربی اشفاق احمد ملاح نے کہا ہے کہ عوام کو بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ صحت مند ماحول کی فراہمی کیلئے پارکس و پلے گراؤنڈ ز کی تعمیرو ترقی اور ان کی دیکھ بھال پر خصو صی توجہ مرکوز رکھی جائے ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلدیاتی نمائندوں کے ہمراہ بلدیہ زون نورانی گراؤنڈ اور اس کے اطراف جاری صفائی کے کام کا معائینہ کرتے ہوئے کیا بلدیاتی نمائندوں نے میونسپل کمشنر کی توجہ گراؤنڈ میں موجود کچرہ کنڈی کی طرف دلاتے ہوئے کہا کہ اس کچرہ کنڈی کو گراؤنڈ سے کسی اور مقام پر منتقل کروایا جائے میونسپل کمشنر نے موقع پر موجود افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ گراؤنڈ میں موجود کچرہ کنڈی کو ختم کرکے کہیں اور منتقل کیا جائے جبکہ بلدیہ غربی کی حدود میں موجوددیگر تمام پارکس و پلے گراؤنڈز میں صفائی ستھرائی کا ایسا عمل وضع کیا جائے کہ جس سے نوجوان بچوں بوڑھوں اور خواتین کو صحت مند اور پر فضاء ماحول میسر آسکے انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو تعلیم کے ساتھ ساتھ صحت مند سرگرمیوں کے فروغ سے ان کے اندر موجود صلاحیتوں کو مذید سنورا جاسکتا ہے انہوں نے پارکس و پلے گراؤنڈ ز میں خصوصا شام کے اوقات میں صفائی ستھرائی کی صورتحال کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز رکھنے اوران مقامات پر عملہ کی ڈیوٹی شفٹوں میں تقسیم کرکے صفائی ستھرائی کا عمل تسلسل کے ساتھ جاری رکھنے کی ہدایت کی بعدازاں انہوں نے بلدیہ غربی کے مختلف علاقوں میں جاری صفائی ستھرائی کے کاموں کا معائینہ کیا اورموقع پر موجودافسران وعملہ کو ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ بلدیہ غربی کی حدودمیں صفائی ستھرائی کی مجموعی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے افسران و عملہ اپنی کارکرگی کو اور بہتر انداز میں پیش کریں کچرہ اٹھانے اور جراثیم کش ادویات کے باقائدہ استعمال کو یقینی بنائیں۔