نوجوان ہمارا اثاثہ ہیں ‘ نوجوان نسل کو درست سمت پر چلا کر ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامز ن کیا جاسکتا ہے ‘ نوجوان نسل خود احتسابی سے اپنے آپ کو درست کر کے معاشرے میں اپنا کردار ادا کریں

منیجنگ ڈائریکٹر اے پی پی مسعود ملک کا دو روزہ ینگ لیڈرز سمٹ سے خطاب

ہفتہ 3 دسمبر 2016 17:12

اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 دسمبر2016ء)منیجنگ ڈائریکٹر ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی ) مسعود ملک نے کہا ہے کہ نوجوان ہمارا اثاثہ ہیں ‘ہماری نوجوان نسل بہت با صلاحیت ہے ‘اسے درست سمت پر چلا کر ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامز ن کیا جاسکتا ہے ‘ نوجوان نسل حضورﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ایک اچھے مسلمان اور خود احتسابی سے اپنے آپ کو درست کر کے اس معاشرے کو صیحح سمت پر گامزن کرنے میں اپنا کردار ادا کریں ۔

وہ ہفتہ کو پاکستان پازیٹو ‘ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی ) کے اشتراک سے دو روزہ ینگ لیڈرز سمٹ کے دوران شرکاء سے خطاب کر رہے تھے ۔تقریب میں ملک بھر کے مختلف حصوں سے طلباء و طالبات نے شرکت کی ۔پازیٹو پاکستان کے صدر عابد اقبال گھاری نے دوروزہ سمٹ کے افتتاح کے بعد تعارفی نشست میں تمام شرکاء سے تعارف لیا اور شرکاء کو پازیٹو پاکستان کے وژن 2017 کے بارے میں آگاہ کیا ۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کر تے ہوئے ایم ڈی ایسوسی ایٹد پریس آف پاکستان (اے پی پی ) مسعود ملک نے کہا کہ آج کے دور میںنئی نسل کی مثبت سوچ سب سے اہم ترین کام ہے ‘اس کے لئے حکومت کے ساتھ ساتھ ‘پازیٹو پاکستان جیسی تنظیموں اور دیگر سٹیک ہولڈرز کو بھی اس نوعیت کے فورمز کی فراہمی اور دیگر سہولیات فراہم کرنی چاہیں ۔انہوں نے کہا کہ پازیٹو پاکستان ہمارے نوجوانوں میں مثبت سوچ کی ترویج کے لئے بہت کام کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اللہ تعالی نے دنیا میں ایک مقصد کے لئے بھیجا ہے ‘ اس مقصد کو حاصل کرنے کے لئے ہمیں اللہ تعالی کے احکامات اور آخری رسول حضرت محمد ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر اپنی زندگی اور آخرت دونوں کو سنوارنا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ جہاں ہمیں اچھا مسلمان اور اچھا پاکستانی بننا ہے وہی ہمیں ایک اچھا آدمی بھی بننا ہے ‘ خود احتسابی کے ذریعے اپنے آپ کو ٹھیک کر کے اپنی ذمہ داریوں کو دیانتداری سے ادا کرنا ہوگا ‘جب خوداحتسابی کے عمل سے خود کو گذاریں گے تو اس وقت بہت سے مسائل خود بخود ہی حل ہوجائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے اپنی قابلیت ‘ محنت اور جدوجہد سے اسلامی جمہوریہ پاکستان حاصل کیا ‘ہم آج اسی پاکستان میں بیٹھے ہوئے ہیں ‘آج ہمیں اسی قابلیت ‘محنت اور جدوجہد ‘ایمانداری کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہر جوان کا نصب العین ہونا چاہیے کہ اس نے پاکستان کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی کے لئے اپنا ہر ممکن مثبت کردار ادا کرنا ہے ۔

ملک مسعود نے کہا کہ پاکستان خطے میں اس جگہ پر ہے جہاں چین ‘روس ‘ امریکہ سمیت دنیا بھر کی نظریں ہیں ‘ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ بھی ایک تاریخی منصوبہ ہے اس میں بھی نوجوان نسل اپنی شمولیت کو یقینی بنائیں۔دو روزہ ینگ لیڈرز سمٹ کا افتتاح پولیس کالج سہالہ کے سہیل تاجک نے کیا اور شرکاء سے خطاب کیا ۔تقریب میں نظریہ پاکستان ٹرسٹ کی جانب سے پازیٹو پاکستان کے صدر عابد اقبال گھاری کو قائداعظم میڈل بھی دیا گیا ۔پازیٹو پاکستان اور اے پی پی کے اشتراک سے 15ویں ینگ لیڈرز سمٹ کی اختتامی تقریب (آج) اتوار کو علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے آڈیٹوریم میں منعقد ہوگی جس میں صدر آزاد جموں کشمیر مسعود خان مہمان خصوصی ہونگے ۔