آزاد کشمیر کے عام انتخابات میں (ن) لیگ نے کشمیری عوام سے جو وعدے کیے ان میں سے ایک ایک وعدہ پورا کیا جائیگا، محمد برجیس طاہر

آزاد کشمیر میں گڈ گوارننس کا قیام، خطے کی تعمیر و ترقی ،مسئلہ کشمیر ترجیح ہے ،پورا کرنے کیلئے کوئی کسر روا نہیں رکھیں گے ،صحافیوں کے وفد سے گفتگو

ہفتہ 3 دسمبر 2016 17:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 دسمبر2016ء) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے عام انتخابات میں مسلم لیگ ن نے کشمیری عوام سے جو وعدے کیے تھے ان میں سے ایک ایک وعدے کو پورا کیا جائے گا۔انہوں نے یہ بات گذشتہ روز یہاں وزارت امور کشمیر میں صحافیوں کے ایک وفد سے گفتگو میں کہی۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں گڈ گوارننس کا قیام، خطے کی تعمیر و ترقی اور مسئلہ کشمیر ترجیح ہے جسے پورا کرنے کے لئے کوئی کسر روا نہیں رکھیں گے ا نہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی اور سیز فائر لائن کے قریب آباد کشمیریوں کے مسائل پر زاتی دلچسپی لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف نے آزاد حکومت اور وہاں کے عوام کو درپیش مسائل کے سلسلہ میں چند دن قبل ایک خصوصی اجلاس بلایا تھا اور آئندہ ہفتے تک وزیراعظم نے تمام تر مسائل کے ممکنہ حل کیلئے مکمل رپورٹ تیار کر کے پیش کرنے کا حکم دیا ہے جس کے بعد وزیراعظم نواز شریف آنیدہ چند دنوں میں مظفرآباد کا دورہ بھی کرینگے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت محظ ہوائی اعلانات کے قائل نہیں ہے اور آزاد کشمیر کے انتخابات میں ہم نے جو جو وعدے کیے انھیں پورا کیا جا رہا ہے۔آزاد کشمیر کے لئے تولی پیر گنگا چوٹی روڑ سمیت شاہرات کے تین میگا پراجیکٹ کی منظوری دی جا چکی ہے اس کے علاوہ انتخابات میں ہم نے آزاد حکومت کو ائیر ایمبولینس سروس مہیا کرنے کا وعدہ کیا تھا جس پر وزیراعظم محمدنو از شریف نے جلد ہوم ورک مکمل کرنے کا حکم دیا ہے ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف کا پختہ عزم ہے کہ اپنے اقتدار میں آزاد کشمیر کے لئے ایسے تاریخی منصوبوں پر کام شروع کر دیں جو خطے کے لوگوں کو نہ صرف بنیادی مسائل سے نجات دلا سکیں بلکہ آزاد کشمیر کے عوام کی دیرپا ترقی اور خوشحالی کا سبب بھی بنیں ۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ اپنے دور اقتدار میں آزاد خطے کے اندر تعمیر و ترقی کا انقلاب بر پا کریگی۔

چودھری محمدبرجیس طاہر نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر احسن انداز میں حکومتی فرائض سرانجام دے رہے ہیں اور ہمارے دور حکومت میں آزاد حکومت کو فنڈز کی کمی نہیں ہونے دینگے۔وزیراعظم میاں نواز شریف جس طرح کشمیر پر خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں اس سے ثابت ہوتا ہے کہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں کیے گئے وعدوں سے بھی کئی زیادہ تعمیر و ترقی کے کام کرائے جائیں گے۔

انھوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ہمارے کشمیری بھائی بھارتی مظالم کا جس بہادری سے مقابلہ کر رہے ہیں یہ کشمیریوں کی پاکستان سے والہانہ محبت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔کشمیری سینے پر گولیاں کھانے کے باوجود مملکت خداداد پاکستان کا سبز ہلالی پرچم تھامے ہوئے ہیں ۔پاکستان کی تمام عوام اور سیاسی قیادت کشمیریوں کے اس جزبے کو داد دیتی ہے اور ہم محکوم کشمیریوں کو یہ یقین دلاتے ہیں کہ انکی سیاسی و اخلاقی حمایت جاری رکھی جائے گی۔

انھوں نے کہا کہ ہندوستان نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و جبر کا جو بازار گرم کر رکھا ہے اسکی دنیا میں کئی مثال نہیں ملتی۔حکومت پاکستان دنیا بھر میں کشمیریوں کا مقدمہ لڑ رہی ہے اور ہم مقبوضہ کشمیر میںبھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر دنیا کر بیدار کرتے رہیں گے۔