ْمیئر کوئٹہ ایوان میں اکثریت کھوچکے ،اخلاقی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے دفتر کو تالہ لگادیں

میٹروپولیٹن کارپوریشن کے ایوان میں متحدہ اپوزیشن کو49کونسلروں کی حمایت حاصل ہے، میئر کوئٹہ نے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی مد میں اڑھائی کروڑ روپے سرکاری خزانے سے ادھار دیئے ہیںاس پر کک بیک وصول کیا، کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے متحدہ اپوزیشن کونسلروں رحیم کاکڑ، یحییٰ ناصر،سرور بازئی ودیگر کی پریس کانفرنس

ہفتہ 3 دسمبر 2016 16:45

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 دسمبر2016ء) کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے متحدہ اپوزیشن کونسلروں نے کہا ہے کہ میئر کوئٹہ ایوان میں اکثریت کھوچکے ہیں لہذا وہ اخلاقی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے دفتر کو تالہ لگادیں ،میئر اورانکے ساتھیوں نے کرپشن ،لوٹ مار اور سرکاری زمینوں پرقبضے کے ریکارڈ توڑ دیئے ہیں ،میٹروپولیٹن کارپوریشن کے ایوان میں متحدہ اپوزیشن کو49کونسلروں کی حمایت حاصل ہے۔

یہ بات کوئٹہ میٹروپولٹین کارپوریشن کے اپوزیشن لیڈر عبدالرحیم کاکڑ،نسیم الرحمن ملاخیل ،یحیٰ خان ناصر ،جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا ولی محمد ترابی ،حاجی سرور بازئی ،اسلم رند اور دیگر نے جمعرات کو کونسلر یحیٰ خان ناصر کی جانب سے متحدہ اپوزیشن کے کونسلران اور صحافیوں کے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے کے موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔

(جاری ہے)

رحیم کاکڑ نے کہا کہ میئر کوئٹہ نے 42لاکھ روپے کا چیک ریڑھی اور جھاڑو خریدنے کی مد میں جاری کیا ہے 300روپے کلو کے حساب سے ملنے والے برقی قمقمے مہنگے داموں کوئٹہ شہر میں لگائے گئے ہیں میئر کوئٹہ نے اپنے ذاتی پٹرول پمپ سے میٹروپولیٹن کارپوریشن کی گاڑیوں کو ایندھن فراہم کرنے کا ٹھیک بھی دیدیا ہے جبکہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2010کے مطابق میئرمیٹروپولیٹن کارپوریشن سے کوئی بھی ذاتی فائدہ حاصل نہیں کرسکتے ۔

انہوں نے کہا کہ میئر کوئٹہ نے 800خاکروب کی تجویز بجٹ میں ڈالی ہے جبکہ کاغذات میں 1300خاکروبوں کی تنخواہ وصول کی جارہی ہے کوئٹہ شہر کی سڑکوں پر کھوکھے ،مٹن مارکیٹ ،بلدیہ کیفے ،جناح کلاتھ مارکیٹ کی زمینوں پر میئر کوئٹہ نے جس طرح کرپشن کی ہے وہ سب کے سامنے عیاں ہے کمشنر میٹروپولیٹن کارپوریشن اور نیب سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ 21ماہ کے دوران کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن سے ہونے والی ادائیگیوں کی تحقیقات کرکے عوام کو حقائق سے آگاہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ میئر کوئٹہ نے غیرقانونی طور پر 104گزیٹڈ اور نان گزیٹڈ اسامیوں پر اپنے من پسند افراد کو بھرتی کیا ہے مٹن مارکیٹ کے تاجروں کے ساتھ زیادتی کی انتہاء کردی گئی ہے انکی دکانیں سیل کرکے انہیں روڈ پر بیٹھادیا گیا ہے جبکہ اب منصوبہ بنایا گیا ہے کہ انہیں ایک ایک کھوکھا الاٹ کیا جائے گا میئر کوئٹہ انتہائی ٹیکنیکل اور کلاسیکل طریقے سے چوری کر رہے ہیں جوکہ تاریخ میں آج تک نہیں ہو آج 3دسمبر ہونے تک بجٹ پاس نہیں ہوا ہے ۔

رحیم کاکڑ نے اس موقع پر میئر کوئٹہ اورڈپٹی میئر کی کرپشن پر مبنی 13نکات پر مشتمل و ائٹ پیپر کی دوسری قسط کرتے ہوئے اعلان کیا کہ جلد ہی کرپشن کی تیسری قسط بھی جاری کی جائے گی۔ایک سوال کے جواب میں رحیم کاکڑ نے کہا کہ متحدہ اپوزیشن کو 49کونسلروں کی حمایت حاصل ہے میئر کوئٹہ اخلاقی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے دفتر کو تالے لگادیں اور ایوان سے اعتماد کا ووٹ حاصل کریں۔

یحیٰ خان ناصر نے کہا کہ ہم نے میئر کوئٹہ کے ہر غلط فیصلے اوراقدام کی مخالفت کی بجٹ اور فنڈز ہر کونسلر کا حق ہے میئر کوئٹہ نے من پسند لوگوں کو فنڈز جاری کئے جبکہ دیگر لوگوں کی حق تلفی کی راتوں رات بجٹ بناکر ہمیں کہا گیا کہ اس پر دستخط کئے جائیں انکار کرنے پر ہمارے ساتھ زیادتیوں کا سلسلہ شروع کردیا گیا میئر کوئٹہ خواتین کونسلروں کو کمشنر کوئٹہ میٹروپولیٹن کے ذریعے اپنے دفتر بناکر بجٹ کو منظور کرنے کے بدلے کمیشن کی آفر کررہے ہیں۔

اسلم رند نے کہا کہ ہم نے چھ ماہ قبل آزاد بینچوں پر بیٹھنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن پارٹی قیادت نے میئر سے مذاکرات کرنے کا کہا جبکہ میئر کوئٹہ نے ہمارے سامنے ایک فارم رکھ دیا اور کہا کہ اس پر دستخط کریں اس فارم میں مٹن مارکیٹ ،جناح کلاتھ مارکیٹ اور بلدیہ کیفے کو ختم کرکے وہاں کے تاجروں کو کھوکھے دینے کا فیصلہ کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ میئر کوئٹہ نے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی مد میں اڑھائی کروڑ روپے سرکاری خزانے سے ادھار دیئے ہیں اور اس پر کک بیک وصول کیا جبکہ تین کروڑ روپے بوگس ٹھیکیدار کو ادا کئے گئے کوئٹہ کچلاک روڈ کی مد میں ایک بوگس فائل بھی تیار کی گئی تھی جس پر بھی تین کروڑ روپے جاری کردیئے گئے میئر کوئٹہ نے وزیراعظم کے اعلان کردہ 5ارب روپے کے پیکج میں بھی کونسلروں کو بغیر اعتماد میں لئے اسکیما ت تشکیل دیدیں جس کے بعدہم نے فیصلہ کیا کہ ہم مزید میئر کا ساتھ نہیں دیں گے۔

جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا ولی محمد ترابی نے کہا کہ میئر کوئٹہ پر اخلاقی و مذہبی ذمہ داری ہے کہ وہ شہر کی خدمت کریں وہ کوئٹہ کے شہریوں کو جوابدہ ہیں لیکن افسوس کی بات ہے کہ وہ بزرگ ہونے کے باوجود بھی شہر کیلئے کام کرنے کی بجائے اپنے مفادات کیلئے کام کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام کے کونسلران متحدہ اپوزیشن کونسلروں کے ساتھ ہیں اورانکے ہر فیصلے کی حمایت کریں گے۔

نسیم الرحمن ملاخیل نے کہا کہ میئر کوئٹہ نے رکن قومی اسمبلی قہار ودان کے بھتیجے کو فائدہ پہنچانے کیلئے نیشنل بینک سے کوئٹہ میٹروپولیٹن کی رقم میزان بینک میں جمع کرادی گئی جو سیاسی جماعت کو فائدہ پہنچانے کی ایک کوشش ہے۔حاجی سرور بازئی نے کہا کہ میئر کوئٹہ اعتماد کھوچکے ہیں لہذا وہ فوری طور پر ایوان سے اعتماد کا ووٹ حاصل کریں گے۔

متعلقہ عنوان :