لاہور میں خصوصی افراد کی تقریب میں نابینا افراد سے بدسلوکی ،وزیراعلیٰ سے ملنے کے خواہش مند افراد آرٹ گیلری میں بند

ہال میں زبردستی داخل ہونے کی کوشش کرنیوالوں اور سکیورٹی اہلکاروں میں دھینگا مشتی ، نابینا افراد کے پاس دعوت نامے نہیں ‘ پولیس کا موقف وزیراعلی پنجاب کے جانے کے بعدنابینا افراد کاالحمراء ہال میں احتجاج ، بعد ازاں مال روڈ بلاک کر دی ،بدسلوکی کے خلاف نعرے بازی

ہفتہ 3 دسمبر 2016 16:03

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 دسمبر2016ء) لاہور میں خصوصی افراد کی تقریب میں نابینا افراد سے بدسلوکی کی گئی ، مہمان خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب سے ملنے کے خواہش مند افراد کو آرٹ گیلری میں بند کردیا گیا،وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کے الحمراء ہال سے جانے کے بعدنابینا افراد نے احتجاج کرتے ہوئے مال روڈ بلاک کر دی اور شدید نعرے بازی کی ۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز لاہور میں مال روڈ پر واقع الحمراء ہال میں خصوصی افراد کے حوالے سے تقریب منعقد کی گئی جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی تاہم نابینا افراد کو تقریب میں شرکت سے روک دیا گیا ۔ ہال میں زبردستی داخل ہونے کی کوشش کرنے والوں اور سکیورٹی اہلکاروں میں دھینگا مشتی ہوئی۔

(جاری ہے)

سکیورٹی اہلکاروں نے تقریب میں لے جانے کا کہہ کر آرٹ گیلری میں بند کردیا گیا۔

پولیس کا موقف ہے کہ نابینا افراد کو تقریب میں شرکت کے دعوت نامے جاری نہیں کئے گئے تھے، سکیورٹی کے مسائل کی خدشے کے پیش نظر انہیں تقریب سے دور رکھا گیا ہے۔جبکہ نابینا افراد کا کہنا تھا کہ ہم وزیراعلیٰ شہباز شریف سے مل کر انہیں اپنے مسائل بتانا چاہتے ہیں، ہم بھی اسپیشل ہیں،ہمیں کیوں روکا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے تقریب سے واپس جانے کے بعد نابینا افراد ہال کے باہر جمع ہوئے اور الحمراء ہال کے باہراحتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے پولیس کی بدسلوکی اور تقریب میں شرکت نہ کرنے دینے کے خلاف نعرے بازی کیا ۔ اس کے بعد نابینا افراد نے احتجاج کرتے ہوئے مال روڈ بلاک کر دی جس کے باعث ٹریفک کا نظام بھی متاثر ہوا ۔

متعلقہ عنوان :