کمشنر کراچی کی زیر صدارت جناح ائرپورٹ سے ملحقہ علاقے کی سیکورٹی سمیت دیگر ایشوز کے حوالے سے اجلاس، سول ایوی ایشن، پولیس، ڈپٹی کمشنرز سمیت دیگر اداروں کے افسران کی شرکت

ہفتہ 3 دسمبر 2016 15:04

کمشنر کراچی کی زیر صدارت جناح ائرپورٹ سے ملحقہ علاقے کی سیکورٹی سمیت ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 دسمبر2016ء) جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ کراچی سے ملحقہ علاقوں میں پاور فل لیزر لائٹس کا استعمال ایئر پورٹ پر اترنے اور روانہ ہونے والوں طیاروں کیلئے انتہائی سیکورٹی رسک ہے لہذا جہازوں اور مسافروں کی حفاظت کے پیش نظر ایئر پورٹ کے قرب و جوار میں واقع شادی ہالوں اور پبلیسٹی کے استعمال کیلئے لیزر لائٹ استعمال کرنے والے تمام متعلقین کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

ہفتہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ فیصلہ کمشنر کراچی اعجاز احمد خان کی زیر صدارت جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ سے ملحقہ علاقوں کی سیکورٹی، اردگرد علاقوں میں پاور فل لیزر لائٹس کے باعث مسافروں اور جہازوں کو درپیش مشکلات وخطرات، مسلح گارڈز کی ایئر پورٹ کی حدود میں داخلے، بھٹائی آباد اور اس کے اطراف میں ایئر پورٹ کے نئے ٹرانسمیٹنگ اسٹیشن کے نزدیک مشکوک افراد کی آمد ورفت روکنے، ایئر پورٹ آنے جانے والے راستوں میں ٹریفک مینجمنٹ اور ایئر پورٹ سے ملحقہ علاقوں میں گندگی اور کچرے کے ڈھیر کے مسائل کے حوالے سے منعقدہ ایک اعلی سطحی اجلاس کے موقع پر کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ایئر پورٹ منیجرسول ایوی ایشن اتھارٹی نثار بروہی، ڈپٹی کمشنر ملیر سید محمد علی شاہ، ڈپٹی کمشنر کورنگی زین العابدین، ڈپٹی کمشنر ساؤتھ رفیق قریشی، ایس پی ٹریفک ایسٹ ارم اعوان، ایس ایس پی ملیر جاوید اکبر، ڈائریکٹر پی ڈی اینڈ ای سید محمد شکیب، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کراچی فاروق احمد صدیقی، ڈائریکٹر سالڈ ویسٹ مینجمنٹ ڈی ایم سی ایسٹ جاوید کلہوڑ، میونسپل کمشنر ڈی ایم سی ملیر عمران اسلم کے علاوہ دیگر متعلقہ اداروں کے افسران بھی شریک تھے۔

کمشنر کراچی نے ہدایت کی کہ مسافروں اور جہازوں کیلئے سیکورٹی رسک کی علامت پاور فل لیزر لائٹس کے استعمال پر پابندی عائد کی جائے اور تمام متعلقین کو اس کا سختی سے پابند بنایا جائے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے ملحقہ علاقوں میں ایئر پورٹ کی سیکورٹی کے تناظر میں حفاظتی اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے گا جبکہ ایئر پورٹ کی حدود میں مسلح سیکورٹی گارڈز اور مسافروں کے علاوہ غیر متعلقہ افراد کے داخلے کیلئے بھی مؤثر منصوبہ بندی کی جائیگی۔

انہوں نے اس حوالے سے متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر، پولیس اور ایئر پورٹ کی انتظامیہ پر مشتمل ایک مشترکہ وزٹ کرنے کی ہدایت کی اور اس وزٹ کی رپورٹ انہیں کمشنر آفس میں پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اس موقع پر سول ایوی ایشن کے ایئر پورٹ منیجر نے اجلاس کو بتایا کہ ایئر پورٹ کے نئے ٹرانسمیٹنگ اسٹیشن سے ملحقہ علاقے بھٹائی آباد کے قریب واقع راشدی گوٹھ سے متصل ایئر پورٹ کی دیوار کو نقصان پہنچایا گیا ہے جس کے باعث جرائم پیشہ، مشکوک اور منشیات کے عادی افراد کی آمدورفت کے باعث قیمتی آلات اور کیبل چوری کے واقعات میں اضافہ ہو گیا ہے لہذا مذکورہ علاقے میں پولیس کی پیٹرولنگ بڑھا دی جائے۔

کمشنر کراچی نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ خصوصی طور پر رات کے اوقات میں پولیس پیٹرولنگ میں اضافہ کیا جائے اور شکایات کا ازالہ کیا جائے۔ کمشنر کراچی نے مزید ہدایت کی کہ ملکی اور غیر ملکی مسافروں کی آمدورفت کے پیش نظر ان کی سہولت کیلئے ایئر پورٹ جانے اور آنے والے راستوں پر ٹریفک مینجمنٹ کے خصوصی اقدامات کئے جائیں اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جائے، اس کے علاوہ باہر سے آنے والے مسافروں میں کراچی کے سافٹ امیج کو بہتر بنانے کیلئے ایئر پورٹ کے اطراف علاقے کو صاف ستھرا، کچرے سے پاک اور سرسبز بنایا جائے۔

کمشنر کراچی نے مزید ہدایت کی کہ ایئر پورٹ کے اطراف راستوں میں کچرا ڈالنے والے افراد یا اداروے کے خلاف کارروائی کی جائے اور انہیں راستے میں کچرا نہ ڈالنے کا پابند بنایا جائے۔