وزیراعلیٰ ہائوس میں سندھ بنیادی تعلیم پروگرام کے معاہدوں پر دستخط کی تقریب

امریکی قونصل جنرل اور وزیراعلی سندھ کی شرکت

ہفتہ 3 دسمبر 2016 14:40

وزیراعلیٰ ہائوس میں سندھ بنیادی تعلیم پروگرام کے معاہدوں پر دستخط ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 دسمبر2016ء) سندھ اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ، بیکن ہائوس، سکھر آئی بی اے اور انڈس ریسورس سینٹر کے درمیان سکھر اور خیرپور کے اضلاع میں پانچ نئے اسکولوں کی تعمیر اور ان کا انتظام چلانے کے لئے معاہدوں پر دستخط ہوئے۔ ہفتہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق سندھ بنیادی تعلیم پروگرام میں شامل یہ سکول کراچی اور شمالی سندھ میں 106 سکولوں کی جدید عمارتوں کی تعمیر نو کے پرگروام کا حصہ ہیں۔

امریکی قونصل جنرل گریس شیلٹن اور وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے معاہدوں پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی۔ وزیراعلی ہائوس میں ہونے والی تقریب میں یو ایس ایڈ کے صوبائی ڈائریکٹر ڈینائز ہربول، وزیر تعلیم سندھ جام مہتاب ڈہر اور سیکرٹری ایجوکیشن فیض اللہ پیچوہو بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

امریکی قونصل جنرل گریس شیلٹن نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کو سندھ حکومت کے اس مثبت اقدام میں شراکت پر فخر ہے، سندھ بیسک ایجوکیشن پروگرام سے تعلیمی معیار بلند ہوگا اور طلبہ خصوصاً لڑکیوں کے لئے حصول تعلیم کے مواقع میں اضافہ ہو گا، سندھ کے بچے جو مفت تعلیم حاصل کریں گے اور اگلی نسل کے انجینیئر، ڈاکٹر، استاد اور بزنس مین ہوں گے۔

سندھ بیسک ایجوکیشن پروگرام (ایس بی ای پی) کے لئے امریکی حکومت ساڑھے 15 کروڑ ڈالر امداد فراہم کررہی ہے، اس پروگرام کے ذریعے سندھ کے مخصوص علاقوں میں بچوں کے پرائمری، مڈل اور سیکنڈری اسکولوں میں داخلوں کی شرح بڑھائی جائے گی۔ سندھ اس سلسلے میں سرکاری اور نجی شعبے کی شراکت کا نفاذ کرنے والا پہلا صوبہ ہے، پروگرام کے تحت نجی شعبے کی تنظیموں سے سرکاری اسکولوں کی حالت بہتر بنانے اور طلبہ کی صلاحیتیں بڑھانے کے لئے رعایتی شرائط پر 10 سالہ مدت کے معاہدے کئے جارہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :