یوم تاسیس پر ثقافتی شوز کی بجائے کارکنوں کی شکایات ، ناکامیوںکا اعتراف کرتے ہوئے انکی وجوہات تلاش کرنی چاہیے تھیں‘ سردار حُر بخاری

ہفتہ 3 دسمبر 2016 14:38

یوم تاسیس پر ثقافتی شوز کی بجائے کارکنوں کی شکایات ، ناکامیوںکا اعتراف ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 دسمبر2016ء)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سردار حُر بخاری نے کہا ہے کہ شہید قیادت کے سیاسی وارث ہونے کے دعویدار وں کو یوم تاسیس پر ثقافتی شوز کی بجائے کارکنوں کی شکایات اور اپنی ناکامیوںکا اعتراف کرتے ہوئے ان کی وجوہات تلاش کرنی چاہیے تھیں،بھٹو شہید اور بی بی شہید خود چل کر عوام اور کارکنوں کے پاس جاتے تھے لیکن آج کارکنوں کو اپنے محلات میں آنے کی دعوت دے کر مرکزی دروازوں پر شناختی کارڈ چیک کئے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

وحدت روڈ کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات کیلئے آنے والے کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے سردار حُر بخاری نے کہا کہ ہم ہرگز پیپلز پارٹی سے جدا نہیں ،پارٹی میں رہتے ہوئے ناہید خان اور ڈاکٹر صفدر عباسی کی قیادت میں حق اور سچ کا علم بلند کر رکھا ہے ، اس کیلئے ہر طرح کی مشکلات برداشت کرنے کیلئے تیار ہیں،انہوں نے کہا کہ حکومت سے تو چار مطالبات تسلیم کرنے کا بار بار مطالبہ کیا جارہا ہے لیکن پارٹی کے دیرینہ رہنما اور کارکن جو مطالبات کر رہے ہیں انہیں نظر انداز کیا جارہا ہے ،بلاول بھٹوجب تک پارٹی کو تنزلی کی اتھاہ گہرائیوں میں دھکیلنے والوں کا کڑا احتساب اور پارٹی میں اوپر سے نیچے تک شفاف انٹرا پارٹی انتخابات کا انعقاد نہیں کراتے اس وقت تک کارکنوں کو مطمئن نہیں کیا جا سکتا۔