سانحہ بلدیہ کے بعد پارٹی نے عبد الرحمان عرف بھولا کو روپوش ہونے کا کہا تھا ۔ اہلیہ ثمینہ بانو

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 3 دسمبر 2016 12:19

کراچی (اُردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔03 دسمبر 2016ء): سانحہ بلدیہ کیس میں تھائی لینڈ کے علاقہ سوئی نانا سے گرفتار ملزم عبد الرحمان عرف بھولا کی اہلیہ ثمینہ بانو کا کہنا ہے کہ عبد الرحمان کا موبائل فون کل سے بند ہے ، رابطہ نہیں ہوا۔ ہوٹل انتظامیہ ست رابطہ کیا تو انہوں نے عبد الرحمان کی گرفتاری کی اطلاع دی ۔ اہلیہ نے بتایا کہ عبد الرحمان محکمہ صحت میں ملازم تھا ، ور سانحہ بلدیہ کے بعد کئی ماہ گھر پررہا ۔

اہلیہ نے بتایا کہ پارٹی نے عبد الرحمان عرف بھولا کو ، خاموشی سے ادھر ادھر ہونے کا کہا تھا ۔ سانحہ کے بعد عبد لارحمان کچھ دیر نائن زیرو میں روپوش رہا جس کے بعد کچھ عرصہ رشتہ داروں کے گھر میں بھی روپوش رہا۔ ثمینہ بانو کا کہنا تھا کہ عبدالرحمان پاکستان سے ملائشیا گیا تھا ۔

(جاری ہے)

عبد الرحمان کے بیرون ملک جانے کا بندوبست ہم نے خود کیا تھا ، ہم عبد الرحمان کو 30سے35ہزار بھیجا کرتے تھے۔

عبد الرحمان ایک ماہ چھ روز قبل ملائشیا سے تھائی لینڈ گیا تھا ۔ عبد الرحمان سے ایک روز قبل رابطہ ہوا تھا ۔ جس کے بعد رابطہ نہ ہونے پر ہوٹل انتظامیہ سے دریافت کرنے پر معلوم ہوا کہ عبد الرحمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔خیا ل رہے کہ کراچی کی انسداد دہشتگردی کی عدالت نے سانحہ بلدیہ کیس میں عبد الرحمان عرف بھولا کے وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے تھے۔ملزم کو تھائی لینڈ کے شہر بنکاک میں انٹرپول نے سوئی نانا موجود ایک ہوٹل پر چھاپے کے دوران گرفتار کیا۔ یاد رہے کہ بلدیہ ٹاؤن میں گارمنٹس فیکٹری میں آگ لگنے سے 259 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔