بلدیہ فیکٹری کیس کا مفرور ملزم عبدالرحمان بھولا بنکاک سے گرفتار

عبدالرحمٰن بھولا کو بنکاک کے رائل گارڈن ہوٹل کے کمرہ نمبر 405 سے حراست میں لیا گیا، عبدالرحمان بھولا کو آئند ہ 48 گھنٹوں میں پاکستان بھیج دیا جائے گا

ہفتہ 3 دسمبر 2016 11:53

بلدیہ فیکٹری کیس کا مفرور ملزم عبدالرحمان بھولا بنکاک سے گرفتار
کراچی/بنکاک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 03 دسمبر2016ء) بلدیہ فیکٹری کیس میں ملوث ملزم عبدالرحمان عرف بھولا کو بنکاک سے گرفتار کر لیا گیا۔ بنکاک پولیس اور انٹرپول نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے رائل گارڈن ہوٹل پر چھاپہ مار کر بلدیہ فیکٹری کیس میں ملوث مفرور ملزم عبدالرحمان عرف بھولا کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزم کو آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران کراچی منتقل کردیا جائے گا۔

تھائی لینڈ کے اخبار بنکاک پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے عبدالرحمٰن بھولا کو بنکاک کے رائل گارڈن ہوٹل کے کمرہ نمبر 405 سے حراست میں لیا گیا۔واضح رہے کہ ستمبر 2012 میں کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں فیکٹری میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں 250 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ اخبار کے مطابق بنکاک پولیس کے کمانڈوز نے چھاپہ مار کارروائی میں حصہ لیا اور عبدالرحمٰن کو حراست میں لیا۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق پولیس کو عبدالرحمٰن بھولا ہوٹل کے کمرے میں تنہا ملا اور وہاں انہیں کوئی ایسی غیر قانونی چیز دکھائی نہیں دی۔بنکاک کے کرائم سپریشن ڈویژن (سی ایس ڈی) کے قائم مقام کمانڈر سوتھن ساپوانگ نے چھاپہ مار کارروائی کی قیادت کی اور بتایا کہ یہ گرفتاری 11 ستمبر 2012 کو کراچی کے علی انٹرپرائزز ٹیکسٹائل فیکٹری میں لگنے والی آگ سے متعلق ہے جس میں 259 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوئے تھے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستانی حکام اس نتیجے پر پہنچے تھے کہ آگ جان بوجھ کر لگائی گئی اور اس واقعے میں رحمٰن بھولا کو ملزم ٹھہرایا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کراچی میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے رواں برس 16 ستمبر کو رحمٰن بھولا کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے اور بعد ازاں انہیں معلوم ہوا تھا کہ ملزم تھائی لینڈ فرار ہوچکا ہے۔

متعلقہ عنوان :