ساڑھے 17 کروڑ روپے کی لاگت سے گرلز پائلٹ سکول کی تعمیر جلد شروع ہوجائے گی

جمعہ 2 دسمبر 2016 22:49

ہری پور۔ 29 نومبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 دسمبر2016ء) ساڑھے 17 کروڑ روپے کی لاگت سے گرلز پائلٹ سکول کی تعمیر جلد شروع ہونے کا امکان ہے۔ مذکورہ سکول کی طالبات کو عارضی طور پر رائٹ ہریپور میں شفٹ کیا جائے گا ، رائٹ ہری پور کے طلبہ کو پائلٹ سکول کے کمروں میں شفٹ کیا جائے گا۔ صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات اکبر ایوب خان اور یوسف ایوب خان کی خصوصی کاوشوں سے گورنمنٹ گرلز پائلٹ سکول ہریپور کی تعمیر نو کیلئے ساڑے 17 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی ہے، ٹھیکیداروں کی پری کوالفیکیشن اور ٹینڈرنگ کے بعد بالآخر مذکورہ سکول کی تعمیر کا ورک آرڈر جاری کر دیا گیا ہے۔

مذکورہ سکول میں زیر تعلیم 1400 سے زائد طالبات کی شفٹنگ سب سے اہم مسئلہ ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈائریکٹر ڈی سی ٹی خیبر پختونخوا سید بشیر حسین شاہ نے رائٹ ہری پور کے طلبہ کو گرلز پائلٹ سکول اور گرلز پائلٹ سکول کی طالبات کو رائٹ میں شفٹ کرنے کا باقاعدہ احکامات جاری کئے ہیں۔

(جاری ہے)

مذکورہ شفٹنگ کے بعد گرلز پائلٹ سکول کی ری ماڈلنگ اور تعمیر نو کا کام باقاعدہ شروع ہونے کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔ عوام علاقہ نے ساڑھے 17 کروڑ روپے کی خطیر رقم گرلز پائلٹ سکول کیلئے منظور کروانے پر اکبر ایوب خان اور یوسف ایوب خان کوخراج تحسین پیش کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ سکول کی جلد از جلد تعمیر ممکن بنائی جائے۔