میڈیکل سٹورز اور عطائی ڈاکٹروں کے خلاف کیسز ڈرگ کورٹ میں بھجوانے کا فیصلہ

جمعہ 2 دسمبر 2016 22:43

فیصل آباد۔02 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 دسمبر2016ء)ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ نے بغیر ڈرگ لائسنس اور خلاف ضابطہ ادویات فروخت کرنے والے 11 میڈیکل سٹورز اور عطائی ڈاکٹروں کے خلاف کیسز ڈرگ کورٹ میں بھجوانے کا فیصلہ کیا ہے۔اس امر کا فیصلہ ڈی سی او سلمان غنی کی ہدایت پر منعقدہ ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کے اجلاس میں کیا گیا جو ڈی او (سی) میاں آفتاب احمد کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں سیکرٹری کوالٹی کنٹرول بورڈ عارف شہزاد نے مختلف خلاف ورزیوں پر میڈیکل سٹورز کے خلاف کارروائی سے آگاہ کیا۔

صدر اجلاس نے محکمہ صحت کے افسران سے کہا کہ جعلی و غیر معیاری،زائد المعیاد ادویات کی فروخت کے منفی رجحان کے انسداد کیلئے قانون کی عملداری کو یقینی بنائیں اور علاج کی آڑ میں موت باٹنے والوں کو نشان عبرت بنادیں تاکہ انسانی صحت کے دشمن یہ دھندہ چھوڑ دیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عطائی ڈاکٹروں اور جعلی ادویات کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف درج مقدمات کی موثر پیروی ہونی چاہیے۔ انہوں نے عطائیت کے خاتمے اور جعلی ادویات کی تیاری و فروخت کے ٹھکانوں کے سدباب کیلئے سول سائٹی سے معاونت حاصل کرنے پر بھی زور دیا۔اجلاس کے دوران مجموعی طور پر 15 کیسز کی سماعت کی گئی اور دو میڈیکل سٹورز کو وارننگ اورمتعلقہ دستاویزات پیش کرنے کیلئے دو کیسز کو موخر کردیا گیا۔