ضلع کے دیہی وشہری علاقوں کی ترقی پر یکساں توجہ دے رہے ہیں، ڈی سی او

جمعہ 2 دسمبر 2016 22:43

فیصل آباد۔02 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 دسمبر2016ء)ڈی سی او فیصل آباد سلمان غنی نے کہا ہے کہ ضلع کے دیہی وشہری علاقوں کی ترقی پر یکساں توجہ دے رہے ہیں اور اس ضمن میں لوگوں کو بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کی فراہمی کے علاوہ موجودہ سہولتوں میں وسعت لانے کے لئے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد بھی جاری ہے۔انہوں نے یہ بات ایم این اے ڈاکٹرنثاراحمد جٹ کے ہمراہ ان کے حلقہ این اے 81کے تفصیلی دورہ کے دوران تعلیم وصحت سمیت مواصلات اور دیگرسہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے کہی۔

ای ڈی او ایجوکیشن بشیرزاہد گورایہ اوردیگر افسران بھی موجود تھے۔ڈی سی او نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق بنیادی سہولتیں لوگوں کی دہلیز پرفراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں ارکان پارلیمنٹ کی مشاورت انتہائی اہمیت کی حامل ہے جس سے مقامی سطح پر عوامی ضروریات سے آگاہی ہو تی ہے کیونکہ براہ راست رابطہ ہونے کی وجہ سے وہ لوگوں کے مسائل کو بخوبی جانتے ہیں۔

ڈی سی او نے چک نمبر60شہبازپوراور چک نمبر29ج ب کے گرلزسکولوں کادورہ کیا اور اپ گریڈیشن سمیت ان کے دیگر مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی جبکہ امین پورروڈ پراڈا باغ کے قریب گورنمنٹ کالج برائے خواتین میں سیوریج ودیگر مسائل حل کرنے کے لئے متعلقہ ایکسئین اورڈائریکٹرکالجز کوہدایات جاری کیں۔انہوں نے ایم این اے ڈاکٹرنثارجٹ کی تجویزپرامین پور موٹروے انٹرچینج سے ائیر پورٹ تک سڑک کی تعمیر کے لئے منصوبہ بندی کرنے کا حکم دیا اورچک نمبر66دھاندرا کی ڈبل روڈپرسٹریٹ لائٹس لگانے اورخالی جگہ پر پبلک پارکس کے قیام کی ہدایت کی۔

انہوں نے واٹرفلٹریشن پلانٹ کا معائنہ کرتے ہوئے اس سہولت میں اضافہ کرنے کے لئے مزید فلٹریشن پلانٹس کے قیام میں معاونت کرنے کا یقین دلایا۔انہوں نے واسا کے ڈسپوزل اسٹیشن کے معاملات کو ٹھیک کرنے کی بھی ہدایت کی۔ایم این اے ڈاکٹرنثار جٹ نے ان کے حلقہ کا تفصیلی دورہ کرکے زمینی حقائق کے مطابق عوامی مسائل کاجائزہ لینے پر ڈی سی او کا شکریہ ادا کیااورعوامی بہبودوسماجی ترقی کے مختلف منصوبوں کے بارے میں تجاویز پیش کیں۔