فیصل آباد اربن ٹرانسپورٹ سوسائٹی(فٹس)کے نظام کومزیدمنظم اورجدید بنایاجائے گا۔ کمشنر

جمعہ 2 دسمبر 2016 22:43

فیصل آباد۔02 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 دسمبر2016ء)فیصل آباد اربن ٹرانسپورٹ سوسائٹی(فٹس)کے نظام کو عوامی سہولت اور آسانی کے لئے مزیدمنظم اورجدید بنایاجائے گا اور اس ضمن میں متعدد اصلاحات بھی کی جارہی ہیں۔یہ بات ڈویژنل کمشنر مومن آغا نے ایک اجلاس کے دوران کہی جس میں انہیں ایڈمنسٹریٹرفیصل آباد اربن ٹرانسپورٹ سوسائٹی میجروجاہت علی جاوید نے بہتری کے مختلف امور کے بارے میں بریفنگ دی۔

ایڈیشنل کمشنر(کوآرڈینیشن)ملک خادم حسین جیلانی، اسسٹنٹ کمشنر(جنرل)مہرشفقت اللہ مشتاق اوردیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ڈویژنل کمشنر نے فٹس کے نظام کو جدت سے ہمکنار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایک ماہ کے اندر مختلف روٹس کی ویگنوں کے ریکارڈ،ویگن اڈا کی ری ماڈلنگ،سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب،مانیٹرنگ کے لئے سپروائزرز کو نئے موٹرسائیکلز کی فراہمی،صاف ستھری یونیفارمز میں گارڈز کی ڈیوٹیز کو بہتر بنانے اورمسافروں وٹرانسپورٹرز کے استحصال کے خاتمے سیت دیگر تمام امورمیں نمایاں تبدیلی نظرآنی چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ٹریفک پولیس سے رابطہ مضبوط بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ فٹس کے زیراہتمام چلنے والی ہر مسافر ویگن کی حالت درست ہونی چاہیے اورڈرائیورز کی استعدادکار میں اضافہ کے لئے تربیتی پروگرام کاآغاز کرنے کے علاوہ ان کی صحت کے ٹیسٹ بھی کروائے جائیں۔ایڈمنسٹریٹرفٹس میجروجاہت علی جاوید نے بتایا کہ فٹس کے تحت اربن ٹرانسپورٹ ویگنوں کی مانیٹرنگ اور مختلف خلاف ورزیوں کی صورت میں چالانوں کے جرمانوں کی وصولیوں کی صورت حال اوردیگرانتظامات میں بہتری لائی جارہی ہے۔