اہم شاہرات کے اطراف میں تعمیرات کے سلسلے میںشہری حقوق وترقیاتی نقوش کو متاثر نہیں ہونے دیا جائے گا،کمشنر

جمعہ 2 دسمبر 2016 22:41

فیصل آباد۔02 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 دسمبر2016ء)ڈویژنل کمشنر مومن آغا نے کہا ہے کہ مختلف اہم شاہرات کے اطراف میں پلازوں ودیگر کمرشل عمارتوں کی تعمیر کی اجازت کے سلسلے میں شہری حقوق اور ترقیاتی نقوش کو متاثر نہیں ہونے دیا جائے گا۔اس سلسلے میں بعض کمرشل عمارتوں کے نقشوں کا موقع پر جا کر جائزہ لے رہے ہیں۔انہوں نے یہ بات کینال روڈ،شیخوپورہ روڈاوردیگر علاقوں کی اہم شاہرات کے اطراف میں بعض کمرشل وکاروباری عمارتوں کی تعمیر کے مجوزہ پلاٹس اور ان کے نقشوں کاموقع پر جا کر جائزہ لیتے ہوئے کہی۔

ڈی سی او سلمان غنی اوراسسٹنٹ کمشنر(جنرل)مہر شفقت اللہ مشتاق بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈسٹرکٹ آفیسر(سپیشل پلاننگ)معظم مصطفیٰ نے عمارتوں کے نقشوں کی تفصیلات اورمجوزہ جگہوں کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ سکولوں،کالجوں،پٹرول وگیس اسٹیشنز،میرج ہالز اورکمرشل پلازوں وکاروباری عمارتوں کی تعمیر کے نقشوں کی منظوری سے پہلے موقع پر گاڑیوں کی پارکنگ کی سہولیات،ٹریفک کے مسائل اورسیکورٹی سمیت شہری حقوق میں رکاوٹ بننے والے دیگر امورکابخوبی سے جائزہ لیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ بے ہنگم وکمزور پلاننگ کی حامل اورشہری ترقی وخوبصورتی میں حائل ہونے والی عمارتوں کی تعمیر کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے بعض درخواستوں کے نقشوں میں ترامیم کرنے کی ہدایت کی۔ڈی سی او سلمان غنی نے کہاکہ سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کی طرف سے ہائی لیول ڈیزائن کمیٹی میں کمرشل وکاروباری عمارتوں کی تعمیر کا جائزہ لیکر انہیں متعلقہ قواعدوضوابط کے دائرے میں لایا اور عمارتوں کے ڈیزائن کو بھی شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کرنے کے قابل بنانے کی ہدایت کی جاتی ہے۔