محکمہ پراسیکیوشن عوام کو انصاف دلانے کے لئے مشنری جذبے سے کام کر رہا ہے، رواں سال 93 فیصد مقدمات میں ملزمان کو سزائیں دلوائی گئیں ، 661 مقدمات میں ملزمان کو سزائے موت جبکہ 698 کو عمر قید سنائی گئی ، مشیر وزیر اعلیٰ رانا مقبول احمد

جمعہ 2 دسمبر 2016 22:38

لاہور۔02 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 دسمبر2016ء) مشیر وزیراعلی پنجاب رانا مقبول احمد نے کہا ہے کہ محکمہ پراسیکیوشن عوام کو انصاف دلانے کے لئے مشنری جذبے سے کام کر رہا ہے‘ محکمہ پراسیکوشن رواں سال 93 فیصدمقدمات میں ملزمان کو سزا دلوا کر انصاف کی فراہمی میں کامیاب رہا ہے‘ پنجاب کی سیشن اور مجسٹریل عدالتوں میں کل 65764 مقدمات میں سے 61512 مقدمات میں ملزمان کو سزا ہوئی ہے جبکہ 4252 میں ملزمان بے گناہی کے سبب عدالتوں سے بری ہوئے‘سنگین جرائم کے مقدمات میں بھی محکمہ پراسیکیوشن کی کارکردگی تسلی بخش رہی ہے لیکن اسے مزید بہتر کرنے کی ضرورت ہے‘ رواں سال جنوری سے اکتوبر تک سنگین جرائم کے 661 ملزمان کو سزائے موت ہوئی، 698 کو عمر قید اور237 ملزمان کو سات سال سے زائد قید کی سزا سنائی گئی جبکہ 237 ملزمان کو 7 سال سے زائد اور 27476 ملزمان کو 7 سال سے کم سزا سنائی گئی ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار مشیر وزیر اعلی پنجاب رانا مقبول احمد نے محکمہ پراسیکیوشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری پراسیکیوشن سید علی مرتضی، پراسیکیوٹر جنرل پنجاب سید احتشام قادر اور پنجاب بھر سے سینئرز پبلک پرسیکیوٹرز نے شرکت کی ۔اجلاس میں محکمہ پراسیکیوشن کی رواں سال کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا ۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ محکمہ کی کارکردگی کا جائزہ ان مقدمات پر مبنی ہوتا ہے جن پر عدالت میں فریقین کی جانب سے بحث کی جائے۔ رواں سال 65764 مقدمات پر عدالت میں فریقین کی جانب سے بحث ہوئی جن میں سے 61512 مقدمات میں ملزمان کو سزاہوئی۔ اب تک 1232ملزمان کو تین سے سات سال قید ہوئی جبکہ 26244 ملزمان کو تین سال سے کم قید کی سزا سنائی گئی ۔ پنجاب کی سیشن اور مجسٹریل عدالتوں میں 11,277 مقدمات کو فریقین کے مابین صلح یا دیگر وجوہات کی بناء پر خارج کر دیا گیا جبکہ 4252 مقدمات میں ملزمان بے گناہی کے سبب عدالتوں سے بری ہوئے - سنگین جرائم میں رواں سال اب تک قتل کے 661 ملزمان کو سزائے موت اور 698 کو عمر قید با مشقت کی سزا سنائی گئی ہے۔

مشیر وزیر اعلی پنجاب اور سابق آئی جی رانا مقبول احمد نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افسران مشنری جذبے سے کام کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنائیں کہ کو مجرم سزا سے بچ نہ پائے ۔ انہوں نے کہا کہ مظلوم کو انصاف دلانا ہمارا اولین فریضہ ہے ، اس فریضے کے انجام دہی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے ۔ مشیر وزیر اعلی نے کوٹ رادھا کشن مقدمہ میں انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے بہترین کردار ادا کرنے پر پبلک پراسیکیوٹر کو 50 ہزار روپے انعام دینے کا اعلان کیا ۔

انہوں نے محکمہ کے تمام افسران کی آئندہ چار ماہ کی کارکردگی کا جائزہ لینے اور ان کی کارکردگی کی بنیاد پر افسران کو ترقی دینے اور قابل افسران کی حوصلہ افزائی کرنے کا حکم دیا انہوں نے کہا کہ ایسے افسران جو ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے ان کی سرزنش بھی کی جائے گی ۔

متعلقہ عنوان :