میئر کراچی کی جانب سے شروع کی جانیوالی صفائی کی 100روزہ مہم ان کیساتھ ہر ممکن تعاون کیا جائے ،وزیراعلیٰ سندھ کی انتظامیہ کو ہدایت

جمعہ 2 دسمبر 2016 22:33

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 دسمبر2016ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نی10بلین روپے کے کراچی پیکیج کا جائزہ لیتے ہوئے ڈویزنل انتظامیہ/ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ کراچی کے میئر کی جانب سے شروع کی جانے والی صفائی کی 100روزہ مہم کے حوالے سے انکے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس شہرکا ہم سب کے ساتھ تعلق ہے، لہذا سیاست کوبالاء طاق رکھ کر اس شہر کو صاف ستھرا بنانے کیلئے میئر کراچی کی سپورٹ کرنا ہے،اس جائزہ اجلاس میں صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورو،چیف سیکریٹری سندھ رضوان میمن، اے سی ایس ترقیات محمد وسیم،وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری نوید کامران بلوچ ،سیکریٹری خزانہ حسن نقوی،پی ڈی کراچی پیکیج نیاز سومرو اور انکی ٹیم کے اراکین اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ڈی ایم سیز کے پاس اپنے متعلقہ علاقوں میں صفائی اور کچرا اٹھانے کے لئے خاطر خواہ فنڈ، مشینری اور دیگر زرائع موجود ہیں، مگر مجھے افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ اس کام میں اتنی دلچسپی نہیں لے رہے ہیں جتنی لینی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے لوگ انکی جانب دیکھ رہے ہیں اور ان سے صفائی ستھرائی کے حوالے سے اپیلیں کر رہے ہیں۔

انہوں نے صوبائی وزیر بلدیات کو ہدایت کی کہ وہ ڈی ایم سیز کے نومنتخب چیئرمینوں اورکے ایم سی کے میئر اور متعلقہ افسران کے ساتھ اجلاس منعقد کریں اور انہیں شہر کی صفائی کے حوالے سے موبلائیز کریں۔انہوں نے کمشنر کراچی کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ڈپٹی کمشنرز کی ٹیم کو بھی فعال کریں۔انہوں نے کہا کہ یہ ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے کہ شہر کو صاف ستھرا بنائیں، انہوں نے کہا کہ جنوری 2017کے پہلے ہفتے سے میکنیکل سوئپنگ سسٹم شروع ہوجائیگا۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ اختیارات کیلئے غیر ضروری طور پر واویلا کیا جا رہا ہے،آپ کے پاس اچھے خاصے اختیارات ہیں، آپ صرف کام شروع کریں اور شہر کے لوگوں کی خدمت کریں۔ جنہوں نے آپ کو مینڈیٹ دیا ہے۔انہوں نے متعلقہ منتخب افراد پر زور دیا اور ڈویزنل انتظامیہ اور سندھ حکومت کے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ میئر کراچی کی جانب سے شروع کی گئی صفائی مہم میں ہر ممکن تعاون کریں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے مشترکہ مقاصد ہیں کہ اس شہر کے لوگوں کو رلیف دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ میں نے اس شہر کی ترقی پر اپنی توجہ مرکوز کی ہوئی ہے،لہذا آپ سب لوگ میئر کراچی کی شہر کی صفائی کے حوالے سے ہر ممکن مدد کریں۔

متعلقہ عنوان :