وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین کی وفد کے ہمراہ ملاقات‘ غیر ملکی زرمبادلہ کی سمگلنگ کے معاملہ پر تبادلہ خیال

جمعہ 2 دسمبر 2016 22:33

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 دسمبر2016ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین شیخ علائو الدین نے ایک وفد کے ہمراہ ملاقات کی اور غیر ملکی زرمبادلہ کی سمگلنگ کے معاملہ پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت نے پہلے ہی غیر قانونی منی چینجرز کے خلاف کریک ڈائون شروع کر دیا ہے جس کے نتیجہ میں ڈالر کے مقابلہ میں روپے کی قدر میں بہتری آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت جرائم پیشہ عناصر کو ملک کی قسمت سے کھیلنے کی اجازت نہیں دے گی، حکومت نے 1998ء اور 2013ء میں بھی اس حوالہ سے اقدامات کئے اور اس مرتبہ بھی اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان عناصر کو یہ بات ذہن میں رکھنی چاہئے کہ روپے کی قدر میں کمی سے قومی خزانہ کو بھاری نقصان پہنچتا ہے۔

(جاری ہے)

وزیر خزانہ نے کہا کہ ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے، چیئرمین ایف بی آر، جوائنٹ ڈائریکٹر آئی بی اور دیگر سینئر متعلقہ حکام سونے اور کرنسی کی سمگلنگ میں ملوث جرائم پیشہ عناصر کے خلاف فوری کارروائی کر رہے ہیں۔

اس حوالہ سے ایف آئی اے، آئی بی، کسٹم انٹیلی جنس اور سٹیٹ بینک آف پاکستان کو تمام ہوائی اڈوں اور انٹری پوائنٹس کی سخت نگرانی کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کرنسی کی سمگلنگ پر قابو پایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ریاست کی عملداری کو ہر ممکن طریقہ سے قائم رکھنے کیلئے پرعزم ہے۔ قبل ازیں وفد نے متعلقہ اداروںکی جانب سے کئے گئے اقدامات کو سراہا جن کے نتیجہ میں ڈالر کے مقابلہ میں روپے کی قدر میں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے حکومت کو اس حوالہ سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ کرنسی کی غیر قانونی سمگلنگ میں ملوث ایسوسی ایشنز کے کسی بھی ممبر کی حمایت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ ہفتے صورتحال مزید بہتر ہو جائے گا۔