ایم کیو ایم کی صفائی مہم کے پہلے روز شاہ فیصل کالونی میں ایم کیو ایم لندن اور پاکستان کے کار کنان آ منے سامنے آگئے

ایک دوسرے کے خلاف نعرے لگائے اور دھکے دیے جس کے باعث صورت حال کشیدہ ہوگئی

جمعہ 2 دسمبر 2016 22:28

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 دسمبر2016ء) ایم کیو ایم کی صفائی مہم کے پہلے روز شاہ فیصل کالونی میں ایم کیو ایم لندن اور پاکستان کے کار کنان آ منے سامنے آگئے اور انہوں نے ایک دوسرے کے خلاف نعرے لگائے اور دھکے دیے جس کے باعث صورت حال کشیدہ ہوگئی۔اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے سینئر رہنما عامر خان لندن میں مقیم واسع جلیل اور دیگر بعض رہنمائوں پر ان کے نام لے کر برس پڑے اور کہا کہ یہ لوگ پاکستان آکرسیاست کریں، لندن سیکارکنان کوورغلایا اوراستعمال کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

لندن میں بیٹھے افراد کا مقصد ایم کیوایم پاکستان کو کمزور کرنا ہے، ایم کیوایم پاکستان کانقصان عوام اورملک کانقصان ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ کوئی بھی اچھا کام شروع کرتے ہیں تو چند لوگ آکر نعرے لگادیتے ہیں ، جو لوگ 22اگست کے نعرے کے ساتھ ہیں وہ( مصطفی عزیز آ بادی، واسع جلیل اور قاسم علی رضا)پاکستان آکر سیاست کریں۔انہوں نے کہا کہ اگست کے بعدصورتحال تبدیل ہوئی، ہم اب عوام کیلئے نکل آئے ہیں، شہرمیں بعض جگہوں پر ہمیں کام سے روکا جارہا ہے، دیواروں پرچاکنگ کی جارہی ہے جس میں ہمیں غدارکہا جارہا ہے۔