کراچی ،لائٹ ہاوس اور سٹی کورٹ کے قریب واقع کیمیکل گودام میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا

آگ لگنے کے بعد ایم اے جناح روڈ پر دور تک اور اطراف کی سڑکوں پر ٹریفک جام ہوگیا اور لوگوں کو دفاتر سے گھروں کو جانے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا

جمعہ 2 دسمبر 2016 22:28

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 دسمبر2016ء) کراچی کے علاقے لائٹ ہاوس اور سٹی کورٹ کے قریب واقع ایک کیمیکل گودام میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا ہے جس کے بعد کولنگ کا عمل جاری ہے۔سٹی کورٹ کے قریب لگی آگ پر بہت مشکلات اور دقت کے بعد قابو پایا گیا، آگ رہائشی عمارت میں بنے گودام کے گراونڈ فلور میں لگی تھی،جس کا دھواں شہر بھر میں دور دور تک دکھائی دیا۔

کیمیکل کے گودام میں لگنے والی آگ نے قریب واقع نجی اسکول کی عمارت کو بھی لپیٹ میں لے لیاتھا جس کے بعد ارد گرد کی عمارتوں سے مکینوں کو نکال کر محفوظ مقام کی جانب منتقل کیا گیا۔فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ شدید ہونے کے باعث پہلے فائربریگیڈ کی 6 گاڑیوں نے آگ بجھانے کی کوشش کی تاہم آگ کی شدت کی وجہ سے مزید دس گاڑیاں طلب کی گئیں جنہوں نے آگ بجھانے کی کارروائی میں حصہ لیا۔

(جاری ہے)

چیف فائر آفیسر کا کہنا تھا کہ آگ پر نوے فیصد قابو پالیا گیا تھا کہ پانی ختم ہونے کی وجہ سے وہ دوبارہ بھڑک اٹھی،اس صورت حال کے بعد قریب واقع واٹربورڈ کے ہائیڈرنٹس پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔واٹر بورڈ کے ایم ڈی کی ہدایت پر آگ لگنے کی جگہ جانے کی کوشش کرنے والے واٹربورڈ کے ٹینکر ز کو ٹریفک جام کی وجہ سے ڈینسو ہال پہنچنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

آگ بجھانے کی کارروائی کے دوران ہائیڈرنٹس اور ٹینکر سیل کے انچارچ دیگر حکام کے ساتھ آگ لگنے کی جگہ پر موجود تھے۔اسی اثنا میں میئرکراچی وسیم اختر بھی آگ لگنے کے مقام پر پہنچ گئے، جن کا کہنا تھا کہ واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے،ٹریفک جام کی وجہ سے فائر فائٹنگ میں تاخیر ہوئی، گنجان آباد علاقے میں کیمیکل گودام کی تحقیقات کریں گے۔آگ لگنے کے بعد ایم اے جناح روڈ پر دور تک اور اطراف کی سڑکوں پر ٹریفک جام ہوگیا اور لوگوں کو دفاتر سے گھروں کو جانے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔