حمزہ شہباز کا گریٹر اقبال پارک کا دورہ ‘ گل دواؤدی کی سالانہ نمائش کا افتتاح کیا

پا نامہ لیکس کے غبارے سے ہوا لیک ہو رہی ہے ،مضبوط جمہوری ادارے عوام کا مقدر بننے جا رہے ہیں،بلاول کے بیانات انہیں مبارک ہوں ، نواز شریف کی قیادت میں عوام سے کئے ہوئے وعدے پورے کرنے جا رہے ہیں،2018ء میںعوامی عدالت لگے گی،حمزہ شہباز کی میڈیا سے گفتگو

جمعہ 2 دسمبر 2016 22:24

لاہور۔02 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 دسمبر2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ن )کے مرکزی رہنما و ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس کے غبارے سے ہوا لیک ہونا شروع ہو گئی ہے ،الزام لگانے والوں کے پاس حسب عادت کوئی ثبوت نہیں ،انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں عوام سے کئے ہوئے وعدے پورے کرنے جا رہے ہیں، ہمارے پاس ضائع کرنے کیلئے وقت نہیں ،لوگوں کی پگڑیاں اچھالنے اور بے بنیاد الزامات کی سیاست کرنے کی بجائے ملک کو ترقی و خوشحالی سے ہمکنار کر کے ملک کی تقدیر بدلتے ہوئے مضبوط جمہوری ادارے عوام کا مقدر بننے جا رہے ہیں ،جمعہ کو گریٹر اقبال پارک میں 8ویں سالانہ گل داؤدی کی نمائش کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ جمہوریت اور جمہوری روایات پر اعتماد کے علاوہ لوگوں کی توقعات کو پوری کرنا بھی ضروری ہوتا ہے ،دھاندلی کا طوطی بجانے کی طرح پانامہ لیکس کے ثبوت بھی پیش نہیں کر سکیں گے،انہوں نے کہا کہ نیک نیتی سر چڑھ کر بولتی ہے اور اب سیاسی جماعتوں کیلئے 2018ء میں عوامی عدالت لگے گی جس میں کارکردگی کی بنیاد پر فیصلہ ہو گا ،حمزہ شہباز نے کہا کہ عمران خان اپنے دائیں بائیں قرضہ معاف کرانے اور قبضہ گروپ کے علاوہ کے پی کے پر بھی غور کر لیں جہاں کے عوام ان کا شدت سے راستہ دیکھ رہے ہیں ،ایک سوال کے جواب میں حمزہ شہباز نے کہا کہ بلاول کو ان کے بیانات مبارک ہوں ،ہمیں محمد نواز شریف نے ایسی گفتگو کرنے کا درس نہیں دیا، ہم سیاست میں شرافت ، رواداری اور باہمی احترام کے خواہاں ہیں ، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے ڈکٹیٹر شپ کا سامنا کیا ہے ، عوام حقائق بخوبی جانتے ہیں اور وہ ایسے بیانات کا نوٹس نہیں لیتے، حمزہ شہباز نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو کی جمہوریت کیلئے خدمات ہیں ،سیاست میں ہر شخص غلط نہیں ہوتا، مجھے انہی کے دور میں پہلی مرتبہ 6 ماہ جیل کاٹنا پڑی ، حمزہ شہباز نے کہا کہ جمہوریت ہم سب سے میچورٹی کا تقاضہ کرتی ہے،46 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ، سی پیک کے منصوبے اور گوادر پورٹ کا فنکشنل ہونا عوام کیلئے بہت بڑی خوشخبری ہیں،قبل ازیں حمزہ شہباز نے پی ایچ اے کے زیر اہتمام 100 اقسام پر مشتمل گل داؤدی کی نمائش کا افتتاح کیا اور مختلف پھولوں کے سٹال بھی دیکھے ،انہوں نے کہا کہ گریٹر اقبال پارک اس علاقے اور شہر ہی نہیں پورے پاکستان کیلئے اپنی نوعیت کا منفرد تحفہ ہے اور وزیر اعظم جلد اس پارک کا باقاعدہ افتتاح کریں گے ،اس موقع پرحمزہ شہباز نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی درج کئے ،انہوں نے پارک کے مختلف حصے بھی دیکھے اور وہاں کئے گئے کام پر انتظامیہ کو شاباش دی ۔