وزیراعلیٰ شہبازشریف کی گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ سے بھانجے کے انتقال پراظہارتعزیت

جمعہ 2 دسمبر 2016 22:24

لاہور۔02 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 دسمبر2016ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سرکٹ ہاؤس ملتان گئے،جہاں انہوںنے گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ سے ان کے جواں سال بھانجے محمد الیاس رجوانہ کے انتقال پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے محمد الیاس رجوانہ کے والدملک حفیظ رجوانہ ،بھائیوں اورسوگوار خاندان سے ہمدردی اور اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی اوردعا کی اللہ تعالیٰ غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطافرمائے اوریہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ دے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ اور محمد الیاس رجوانہ مرحوم کے غمزدہ خاندان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے نوجوان محمد الیاس رجوانہ کے انتقال پر دلی دکھ اورافسوس ہوا ہے ۔گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ اس دکھ کی گھڑی میں وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی شرکت سے ہماری ڈھارس بندھی ہے ۔ اس موقع پر مرحوم کے والد ملک محمد حفیظ رجوانہ اورمرحوم کے بھائی اوردیگر رشتے دار بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہوداورسینیٹرسعود مجید بھی وزیر اعلی کے ہمراہ تھے۔